فیصل آبادکی کاروباری و تاجر برادری محرم الحرام کے دوران امن وامان کی صورتحال قابو میں رکھنے کیلئے انتظامی و پولیس حکام سے بھرپور تعاون کرے گی، مذہبی ہم آہنگی کی فضاء کے فروغ کیلئے بھی متعلقہ اداروں کی مکمل معاونت کی جائے گی، ترجمان فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری

پیر 2 ستمبر 2019 15:03

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2019ء) فیصل آبادکی کاروباری و تاجر برادری محرم الحرام کے دوران امن وامان کی صورتحال قابو میں رکھنے کیلئے انتظامی و پولیس حکام سے بھرپور تعاون کرے گی جبکہ مذہبی ہم آہنگی کی فضاء کے فروغ کے لئے بھی متعلقہ اداروں کی مکمل معاونت کی جائے گی۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ترجمان نے کہاکہ حکومت ، مقامی انتظامیہ اور متعلقہ محکموںنے اس سلسلہ میں ضروری انتظامات پہلے ہی مکمل کر لئے ہیں تاہم ان کی کامیابی کا تمام تر دارومدار لوگوں کے تعاون پر منحصر ہے لہٰذا تاجروں اور عام شہریوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا تا کہ شر پسند عناصر فرقہ واریت کو ہوا دے کر ہم آہنگی کی فضاء کو نقصان نہ پہنچا سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد میں ڈویژن اور ضلعی سطح پر کنٹرول روم قائم کردیئے گئے ہیں جو چوبیس گھنٹے کھلے رہیں گے اور اس دوران ملنے والی اطلاع کو بروقت متعلقہ حکام اور اداروں تک پہنچایا جائیگا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے نواسہ رسول ؐ کی قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہاکہ ہمیں بحیثیت مسلمان امت کی وحدانیت کو برقرار رکھنے کیلئے اپنا اپنا کردارذمہ داری سے پورا کرنا ہوگا۔