ملک میں کینسر کے 80 فیصد مریضوں کا علاج پاکستان اٹامک انرجی کے 18میڈیکل سنٹروں میں ہوتا ہے

انمول ہسپتال میں چار نئی سٹیٹ آف دی آرٹ مشینوں کے افتتاح کے موقع پر چیئرمین اٹامک انرجی کمیشن محمد نعیم کی گفتگو

منگل 3 ستمبر 2019 00:59

ملک میں کینسر کے 80 فیصد مریضوں کا علاج پاکستان اٹامک انرجی کے 18میڈیکل ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 ستمبر2019ء) پاکستان اٹامک انرجی کے چیئرمین محمد نعیم نے انمول ہسپتال میں چار نئی مشینوں کا افتتاح کیا، اس موقع پر چیئرمین نے انمول سائیکلوٹران میں دوعلاج کی تکنیکنوں (Carbon-II, Nitrogen-13) کا بھی افتتاح کیا۔ چار نئی مشینوں میں سٹیٹ آف دی آرٹ ریڈیشن مشین لائنک، ایم آر آئی، سپیکٹ سکین اور ڈیکسا سکین شامل ہیں۔

افتتاحی تقریب کے موقع پرممبرسائنسز ڈاکٹر مسعود الحسن، ڈائریکٹر انمول ڈاکٹر ابوبکرشاہد، ہیڈ میڈیکل فزکس مسز معصومہ ریاض، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید خالد، ہیڈ نیوکلیئر میڈیسن ڈاکٹر آرزو فاطمہ، ہیڈ ریڈیالوجی ڈاکٹرذیشان،ڈاکٹر عرفان اللہ خان، ڈاکٹرز، سائنسدان، نرسز، ٹیکنیکل سٹاف اور دیگر سٹاف کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن محمد نعیم کا کہنا تھا کہ ملک میں کینسر کے 80فیصد مریضوں کا علاج پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے18 میڈیکل سنٹرز میں ہوتا ہے ، ان کا کہنا تھا کہ انمول ہسپتال کا اپ گریڈ ہونا پورے پاکستان کے لیے باعث فخر ہے۔

انمول پبلک سیکٹر کا پہلا ہسپتال ہے جس میں اتنی بڑی سہولیات عوام کو ارزاں نرخوں پر عمدہ طریقے سے مہیا کی جا رہی ہیں۔ انمول کے ساتھ ساتھ ہمارے دیگر 18 سنٹر ز میں سے بھی مختلف سنٹر اپ گریڈ ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اٹامک انرجی نے طب کے شعبے میں نمایاں کارنامے سرانجام دیئے ہیں۔ انمول نے ریسرچ کے ذریعے کینسر کے مریضوں کیلئے کئی نئی تکنیک ایجاد کی ہیں جو کہ خوش آئند بات ہے۔

قبل ازیں ڈائریکٹر انمول ڈاکٹر ابوبکر شاہد نے چیئرمین اٹامک انرجی محمد نعیم کو انمول ہسپتال کے بارے میں تفصیل سے بریف کیا۔ ڈاکٹر ابوبکر شاہد نے بتایا کہ انمول میں ہر سال ہزاروں مریضوں کینسر اور دیگر ٹیسٹوں کیلئے آتے ہیں۔الحمد للہ ہم پبلک سیکٹر میں ریڈیشن ڈیپارٹمنٹ میں سب سے پہلے آئی ایم آر ٹی کر رہے ہیں۔ڈائریکٹرانمول کا کہنا تھا کہ کاربن 11 اور نائٹروجن 13 کے ٹارگٹس کے افتتاح کے بعد دماغ کے سرطان اور دل کے امراض کی تشخیص میں بہت بہتری آئے گی اور یہ پاکستان میں سہولت پہلی بار انمول میں شروع کی جا رہی ہے۔

اس کے علاوہ انمول ہسپتال پانچ مختلف ڈیپارٹمنٹ میں ایف سی پی ایس کروا رہا ہے جو کہ بہت بڑا اعزاز ہے۔ ان چاروں نئی مشینوں کے آغاز کے بعد امید ہے کہ مریضوں کو زیادہ فائدہ پہنچے گا۔ اس کے بعد چیئرمین اٹامک انرجی کمیشن محمد نعیم نے ہسپتال کا تفصیلاً دورہ بھی کیا اور ڈائریکٹر انمول ڈاکٹر ابوبکر شاہد اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔