محرم الحرام میں قیام امن کے حوالے سے سول سوسائٹی کے تعاون کے نہایت مشکور ہیں،ریجنل پولیس آفیسر ڈ یرہ

بدھ 11 ستمبر 2019 16:46

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2019ء) ریجنل پولیس آفیسر ڈ یرہ کیپٹن (ر) فیروز شاہ نے محرم الحرام کے پر امن اختتام پذیر ہونے پر تمام سول سوسائٹی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام میں قیام امن کے حوالے سے سول سوسائٹی کے تعاون کے نہایت مشکور ہیں۔انہوں نے کہا کہ بہت عرصہ بعد ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک پر امن محرم کا انعقا د ہوا جس کا کریڈٹ اس شہر کی عوام کو جاتا ہے اور شہر کے تمام مشران جنہوں نے قیام امن کے لیے فورسز کا بھر پور ساتھ دیا اور ہر موقع پر اس شہر کے امن کے لیے پولیس کے ساتھ پیش قدم رہے۔

ریجنل پولیس آفیسر نے پاک آرمی ،سول انتظامیہ ،پولیس فورس ،سی ٹی ڈی ،ایلیٹ فورس ،سپیشل برانچ ،ڈی ایس بی،اہلسنت و اہل تشیع برادری ،واپڈا ،ریسکیو1122، واسا، ٹی ایم اے،محکمہ صحت ،لیویز ،ایف سی ،ڈسڑکٹ کوارڈینیشن کمیٹی و تمام سول پرائیوٹ و سرکاری ادارے جنہوں نے محرم الحرام میں قیام امن کے حوالے سے اور انتظامات کے حوالے سے جو اقدامات کیے ان سب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان سب کی کوششوں کے ہی سبب پر امن محرم الحرام کا انعقاد ممکن ہوا جس کے ثمرات شہر کی عوام کے سامنے ہیں ۔

(جاری ہے)

مزید برآں ریجنل پولیس آفیسر نے کہا کہ اس محرم الحرام کے حوالے سے ہمیں دہشتگردوںکی طرف سے انتہائی خطرناک کاروائیوں کی اطلاعات موصو ل ہو رہی تھیں، پچھلے چھ ماہ کے دوران پا ک آرمی و پولیس نے مل کر جس قدردہشتگردوں کے خلاف منظم کاروائیاں کی ہیں پچھلے 30سالوں میں اتنے کم عرصہ میں اتنی زیادہ تعداد میں خطرناک دہشتگردوں کو ہلاک نہیں کیا گیااور اتنے کم عرصہ میں انتہائی خطرناک و مختلف سنگین دہشتگردی کی وارداتوں میں ملوث دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا جسکے رد عمل میں ان کی طرف سے بھر پور کوشش تھی کہ اس شہر کا امن خراب کیا جائے اور اس شہر کی پولیس فورس اور عوام کو نقصان پہنچایا جائے مگر پولیس فورس کی سیکورٹی کے لحاظ ایک منظم اور جامع پالیسی اور پاک آرمی کے تعاون کے ساتھ ان کے نا پاک عزائم کو خاک میں ملایا گیا ۔