ماہانہ منافع سمیت مختلف سکیموں میں محفوظ سرمایہ کاری کرکے بہتر منافع حاصل کر سکتے ہیں، ترجمان نیشنل سیونگز

جمعرات 12 ستمبر 2019 14:28

ماہانہ منافع سمیت مختلف سکیموں میں محفوظ سرمایہ کاری کرکے بہتر منافع ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2019ء) نیشنل سیونگزسنٹر فیصل آباد ریجن کے ترجمان نے کہا کہ قومی بچتوں کے فروغ سے نہ صرف سالانہ بجٹ کے خسارہ کو پورا کیاجاسکتاہے بلکہ معاشرہ کے مختلف طبقات ماہانہ منافع سمیت مختلف سکیموں میں محفوظ سرمایہ کاری کرکے بہتر منافع حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ بچتوں کے فروغ میں نیشنل سیونگز کے کردار کو نظر انداز نہیں کیاجاسکتا کیونکہ اس کی مختلف سکیموں سے استفادہ کرتے ہوئے لاکھوں عوام اپنے کنبوں کی باعزت کفالت کافریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ نیشنل سیونگز کے صارفین کی کثیر تعداد کے پیش نظر اس ادارہ کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے اہم برانچز کو کمپیوٹرائزڈ کیاجارہاہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ فیصل آباد کو یہ امتیاز حاصل ہو گاکہ اس کی تمام اربن برانچز کمپیوٹرائزڈ ہوں گی۔ انہوںنے بتایاکہ محکمہ کے سٹاف کی ترقیوں اور افرادی قوت کی قلت کو دور کرنے کیلئے تمام ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں اس موقع پر انہوںنے نیشنل سیونگز میں سرمایہ کاری کو شرعی نظام کے مطابق ڈھالنے کیلئے جاری تحقیق سے متعلق پیشرفت سے بھی آگاہ کیا۔

انہوںنے کہاکہ نیشنل سیونگز کے افسران و اہلکاران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عوام الناس سے قریبی رابطوں کو فروغ دیں اور انہیں نیشنل سیونگز کی مختلف سکیموں کی اہمیت و افادیت سے آگاہ کیاجائے تاکہ لوگوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد محفوظ سرمایہ کاری کی سکیموں سے استفادہ کر سکے۔

متعلقہ عنوان :