سعودی عرب سے حجاج کی وطن واپسی کا عمل مکمل ہو گیا

حج آپریشنز کے سلسلے میں آخری حج پرواز 14 ستمبر کو 442افراد کو لے کر روانہ ہوئی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 16 ستمبر 2019 11:53

سعودی عرب سے حجاج کی وطن واپسی کا عمل مکمل ہو گیا
مدینہ منورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،16ستمبر 2019ء) سعودی عرب سے حجاج کی اپنے وطن کوو واپسی کا مرحلہ اختتام پذیر ہو گیا ہے۔حج آپریشنز کے سلسلے کی آخری پرواز ہفتہ کے روز روانہ ہوئی۔ سعودی نیوز ایجنسی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ حاجیوں کی آخری پرواز مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز ایئر پورٹ سے 442 حاجیوں کو لے کر انڈونیشیا روانہ ہوئی۔

جس کے بعد حج آپریشن اختتام پذیر ہو گیا۔ حاجیوں کے اس آخری قافلے کو سعودی ایئر لائن کے سربراہ انجینئر صالح بن ناصر الجاسر کی سربراہی میں موجود وفد نے رخصت کیا۔ ان حجاج کو اس موقع پر مختلف تحفے تحائف بھی دیئے گئے۔واضح رہے کہ سعودی عرب میں یکم محرم الحرام کو نئے ہجری سال کا آغاز ہوتے ہی نیا عمرہ سیزن بھی شروع ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے جوازات کے سربراہ جنرل سلیمان الیحییٰ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے عمرہ سیزن کے لیے تمام متعلقہ اداروں نے بھرپور تیاری کر رکھی ہے۔

اس سال معتمرین کی تعداد میں 20 فیصد اضافے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ اس بار معتمرین کو پہلے کی نسبت زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لیے جامع منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے نئی ٹیکنالوجی متعارف کرائی گئی ہے جس کی مدد سے معتمرین کی امیگریشن کی کارروائی ایک منٹ کے اندر اندر مکمل ہو جایا کرے گی اور انہیں انتظار کی کوفت سے نہیں گزرنا پڑے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ عمرہ سیزن میں 70 لاکھ سے زائد افراد نے عمرہ کی سعادت حاصل کی۔ جن میں سب سے زیادہ پاکستانی تھے، جو 16 لاکھ سے بھی زائد گنتی کے باعث عمرہ کرنے والوں کی فہرست میں پہلے نمبر پر براجمان رہے۔