پولیس ملازمین کلام سے پہلے سلام کی پالیسی اختیار کریں،

کسی بھی شخص یا زیر حراست ملزم پر تشدد کی اجازت نہیں دی جائے گی، عوام سے مہذب رویہ اختیار نہ کرنے والے اہلکار کہیں اور ٹھکانہ ڈھونڈ لیں، آئی جی اسلام آباد پولیس کی ملازمین کو ہدایات

پیر 16 ستمبر 2019 13:23

پولیس ملازمین کلام سے پہلے سلام کی پالیسی اختیار کریں،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2019ء) انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس محمد عامر ذوالفقار خان نے پولیس ملازمین کو عوام سے دوستی اور کلام سے پہلے سلام کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں، عوام سے مہذب رویہ اختیار نہ کرنے والے اہلکار پولیس کی بجائے کہیں اور ٹھکانہ ڈھونڈ لیں، شہادتوں کے باوجود پولیس اپنامثبت تشخص اجاگر نہیں کر سکی۔

آئی جی نے پیر کو جاری کئے گئے ایک مراسلہ میں ان خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سپاہی سے لے کر آئی جی تک ہر افسر اور اہلکار پولیس کا تشخص بہتر بنانے کے لئے پوری ایمانداری سے فرائض انجام دے اور کلام سے پہلے سلام کی پالیسی اختیار کرے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو پولیس سے خوف کی بجائے تحفظ کا احساس ہوناچاہیے۔

(جاری ہے)

کیا وجہ ہے کہ پولیس عظیم قربانیوں کے باوجود اپنا مثبت تشخص اجاگر نہیں کر سکی۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کو شہریوں کی عزت و احترام کی علامت ہوناچاہیے۔ جب بھی شہری کسی پولیس اہلکار یا افسر کو ملیں تو انہیں اپنے محافظ اور دوست ہونے کا احساس ہو۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو روزانہ شہریوں کی طرف سے سینکڑوں ایمرجنسی نمبروں پر کالیں موصول ہوتی ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام پولیس پر اعتماد کرتے ہیں۔ بد قسمتی سے ہم اس موقع پر آنے والی کالیں ریکارڈ نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر ایسے اقدامات اٹھانے ہوں گے جس سے پولیس ڈیپارٹمنٹ کا تشخص بہتر انداز میں اجاگر ہو سکے۔ شہریوں کے ساتھ تشدد اور بد اخلاقی کو کسی صورت بھی برداشت نہیں کیا جائے گا۔ آئی جی اسلام آباد نے مراسلہ میںکہا ہے کہ زیر حراست ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق سلوک روا رکھاجائے گا اور ہر صورت میں ان کے قانون حقوق کی پاسداری کی جائے، کسی بھی شخص یا زیر حراست ملزم پر تشدد کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :