حجاب حکم الٰہی اور عورت کی عظمت کا الہامی اعتراف ہی: ڈاکٹر فرید احمد پراچہ

منگل 17 ستمبر 2019 23:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2019ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہاہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر ضیاء بنگش کی طرف سے صوبہ بھر میں طالبات کے لیے عبایا کے استعمال کو لازمی قرار دیے جانے کے بعد کے پی کے حکومت کی طرف سے اس کو واپس لینے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان کو مدینہ کی طرز پر اسلامی ریاست بنانے کے دعوے دار وں سے اللہ تعالیٰ کے حکم کی پابندی نہیں ہوسکی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاہے کہ ہر ی پور میں محکمہ ایجوکیشن کی طرف سے ایک سرکلر کے ذریعے طالبات کے عبایا پہننے کو لازمی کیا گیاتھا ، یہ ایک قابل تحسین اور قابل تقلید اقدام تھا جس کی نہ صرف کے پی کے حکومت کو پابندی کرنی چاہیے تھی بلکہ وفاقی حکومت کو بھی اس حکم الٰہی کو پورے ملک میں نافذ کرنے کی طرف توجہ دینی چاہیے تھی ۔انہوں نے کہاکہ حجاب حکم الٰہی ہے ۔ عورت کی عظمت کا الہامی اعتراف ہے ۔ ماں بیٹی کے لیے ایک محفوظ حصار ہے ، صوبہ خیبر پی کے میں اگر اس حکم پر عملدرآمد ہو جاتاہے تو یقینا اس سے باقی صوبوں میں بھی اللہ کے احکامات پر عمل کی راہ ہموار ہوتی ۔