جھنگ روڈ پر پولیس اور ڈاکوئوں میں فائرنگ کا تبادلہ ، ایک پولیس اہلکار سمیت ڈاکو زخمی

جمعرات 19 ستمبر 2019 14:45

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2019ء) جھنگ روڈ پر پولیس اور ڈاکوئوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجہ میں ایک پولیس اہلکار اور ایک ڈاکو زخمی ہو گیا ۔فیصل آباد پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ جمعرات کی صبح جھنگ روڈ پر ماڈل بازار کے قریب ڈولفن پولیس اہلکاروں اور ڈاکوئوں کا آمنا سامنا ہو گیا۔انہوںنے بتایاکہ ڈولفن پولیس فورس کے جوانوں نے 2موٹر سائیکلوں پر سوار تین ڈاکوئوں کو روکنے کی کوشش کی تو انہوںنے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجہ میں ڈولفن پولیس فیصل آبا دکا 26سالہ اہلکار محمد شاہد ولد محمد اسحاق بازو میں گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔

انہوںنے بتایاکہ پولیس کی حفاظت خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کے نتیجہ میں ایک 30سالہ ڈاکو ندیم ولد ملازم حسین بھی زخمی ہو گیا جسے حراست میں لے لیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور زخمی پولیس اہلکار کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جبکہ زخمی ڈاکو کو الائیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کر دیاگیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوںنے بتایاکہ زخمی ڈاکو کو سخت حفاظتی تحویل میں رکھا گیا ہے جس سے تفتیش کے بعد اس کے باقی ساتھیوں کی گرفتاری بھی جلد عمل میں لائی جائے گی۔ انہوںنے بتایا کہ مذکورہ ڈاکو ڈکیتی کی واردات کے بعد فرار ہو رہے تھے کہ اطلاع ملنے پر ڈولفن فورس نے انہیں روکنے کی کوشش کی جس پر یہ واقعہ رونما ہوا۔

متعلقہ عنوان :