شہید کانسٹیبل غلام مصطفی کی پانچویں برسی پر تقریب کا انعقاد ، قبر پر لاہور پولیس کے مسلح دستے کی سلامی

جمعرات 19 ستمبر 2019 21:28

لاہور۔19 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2019ء) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان کی ہدایت پر ایس پی ہیڈ کوارٹرز سید کرار حسین کے زیر انتظام شہید کانسٹیبل غلام مصطفی کی پانچویں برسی کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کا انعقاد شہید کی آخری آرام گاہ واقع پرانا رحمن پورہ چھانگامانگا پر کیا گیا۔ شہید کی قبر پر لاہور پولیس کے مسلح دستے نے سلامی دی۔

لاہور پولیس کی جانب سے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر اور ریتھ چڑھائی گئی۔ تقریب میں پولیس افسران، شہید کے ورثاء اور اہل علاقہ نے شرکت کی۔ غلام مصطفی 19 ستمبر 2014؁ ء میں اکبر چوک کے قریب جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کے دوران شہید ہوئے۔ غلام مصطفی نے دوران گشت دو مشکوک موٹر سائیکل سوار وں کو رکنے کا اشارہ کیا مگر ملزمان نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں کانسٹیبل غلام مصطفی زخمی ہو ئے اورجناح ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے۔

(جاری ہے)

کانسٹیبل غلام مصطفی کی شہادت پر لاہور پولیس نے بیوہ کو پولیس میں بطور لیڈی کانسٹیبل ملازمت دی ۔اس موقع پر ایس پی ہیڈ کوارٹرز سید کرار حسین کا کہنا تھا کہ لاہور پولیس نے دہشت گردوں اورجرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کیلئے ہمیشہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیاہے۔ کانسٹیبل غلام مصطفی شہید نے فرنٹ لائن سولجر کا کردار ادا کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کے ورثاء کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کرتے رہیں گے۔