فیڈرل پبلک سروس مقابلہ امتحانات میں سرکاری ملازمین کو عمر میں دو سال رعایت دینے بارے دائر درخواست مسترد

جمعہ 20 ستمبر 2019 13:02

فیڈرل پبلک سروس مقابلہ امتحانات میں سرکاری ملازمین کو عمر میں دو سال ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے فیڈرل پبلک سروس کے مقابلہ کے امتحانات میں سرکاری ملازمین کو عمر میں دو سال کی رعایت دینے کے لئے دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔ عدالت نے قرار دیا کہ کسی معاملہ میں رعایت دینا اور کیٹیگری بنانا محکمانہ پالیسی کا حصہ ہے، عدالت ایسے پالیسی معاملات میں مداخلت نہیں کر سکتی۔

جسٹس شاہد کریم نے سرکاری ملازم محمد حسنین کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

عدالت کے روبرو درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ فیڈرل مینجمنٹ سروسز کے امتحانات میں سرکاری ملازمین کو عمر میں رعایت نہیں دی جاتی، جسکے باعث درجنوں سرکاری ملازمین عمر میں رعایت نہ ملنے کی وجہ سے امتحانات میں شرکت نہیں کر سکتے۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ یہ رعایت نہ ملنا آرٹیکل 4 اور 25 کی خلاف ورزی ہے، درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت سرکاری ملازمین کو ان امتحانات میںشرکت کے لیے عمر میں دو سال کی رعایت دینے کا حکم دے۔ عدالت نے درخواست گزار کے دلائل سننے کے بعد درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔