شبانہ مجھے بھول گئی،شاہد آفریدی کا ٹویٹر صارف کو جواب

شاہد آفریدی صرف ایک تھا،نوجوانوں کی کوچنگ کرنا چاہتا ہوں:’ آسک لالہ ‘سیشن کے جوابات

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 21 ستمبر 2019 13:50

شبانہ مجھے بھول گئی،شاہد آفریدی کا ٹویٹر صارف کو جواب
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21ستمبر2019ء) قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے مداحوں کے لیے” آسک لالہ “ سیشن کا اہتمام کیا جس میں ان سے مختلف سوالات پوچھے گئے جن کے جوابات خاصے دلچسپ تھے۔ ان جوابات سے ظاہر ہوتا ہے کہ لالا کی حس مذاح بہت اچھی ہے۔رات 10 سے ساڑھے 10 کے درمیان ہونے والے اس سیشن میں اداکار فہد مصطفیٰ نے بڑی امید سے پوچھا” آپ مجھے کال کب کریں گے؟ “۔

شاہد آفریدی کا ردعمل کچھ یوں تھا” جب آپ آسمان سے زمین پرآئیں گے“،
لالہ سے پوچھا گیا کہ” کیا آپ نے کبھی بیوٹی کریم استعمال کی؟ یا ٹیم کا کوئی اور کھلاڑی جو بیوٹی کریم استعمال کرتا ہو؟“،
اس پر شاہد آفریدی نے اپنا دامن بچاتے ہوئے ہنستے ہوئے کہا کہ ”میرا خیال ہے آپ احمد شہزاد سے پوچھ سکتے ہیں“۔

(جاری ہے)

شبانہ نامی ایک صارف نے پوچھا ”لالا آپ شبانہ بھول گئے ہیں“؟
جواب میں آفریدی نے ”شبانہ مجھے بھول گئی “ کہتے ہوئے گیند انہی کے کورٹ میں لڑھکا دی۔
ایک صارف نے کڑھائی اور بریانی میں سے آفریدی کی پسند پوچھی تو انہوں نے بریانی کو ترجیح دی۔
ایک مداح نے پوچھا ”ہمیں اگلا شاہد آفریدی کب دیکھنے کو ملے گا“؟
آفریدی نے پورے اعتماد کے ساتھ جواب دیا کہ ”شاہد آفریدی صرف ایک تھا“۔

لالا کی ایک مداح نے ان سے رابطے میں رہنے کیلئے واٹس ایپ نمبر کی درخواست کی جو لالا نے دیا بھی ،یہ الگ بات ہے کہ وہ نمبر وجود نہیں رکھتا۔
ایک صارف نے ”تو مجھے قبول ، میں تجھے قبول “ کے علاوہ پسندیدہ گانا پوچھا تو سابق کپتان نے ان کی توقعات پر بھی بڑی مہارت کے ساتھ پانی پھیرا۔

ایک صارف نے پوچھا کہ مستقبل میں سیاست میں آنے کا اراد ہ؟ اگر ہاں تو کون سی جماعت میں شمولیت اختیار کریں گے؟،
بوم بوم کا دو لفظی جواب تھا ”ہوسکتا ہے“۔
غیر ملکی ٹیم کی کوچنگ سے متعلق سوال پرشاہد آفریدی نے جواب دیا کہ وہ نوجوانوں کی کوچنگ کرنا چاہتے ہیں۔
کسی ایک شہر کے بجائے پورے پاکستان کو اپنا پسندیدہ قرار دینے والے شاہد آفریدی نے نوجوان نسل کو پیغام دیا کہ اپنے والدین کے ساتھ اچھا سلوک کریں اور اپنے وطن سے محبت کریں۔