30روزہ ایک پہیہ سائیکل ریس کوچنگ کیمپ کا اختتام ہوگیا، ملک بلوچ ملنگ

محکمہ کھیل کے تعاون سے لاتعداد کھلاڑیوں نے ماہر کوچز کی نگرانی میں تربیت حاصل کی

اتوار 22 ستمبر 2019 19:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2019ء) 30روزہ ون وہیل سائیکلنگ ریس کوچنگ کیمپ کا گذشتہ روز اختتام ہوگیا چاکیواڑہ نمبر2 میں گرائونڈ کی نا گفتہ بہ حالت کے سبب پمپنگ اسٹیشن میرا ناکہ نزد لکی اسٹار ہوٹل شیر شاہ روڈ میں جاری اس کوچنگ کیمپ میں لاتعداد کھلاڑیوں نے شرکت کی جنہیں چیف کوچ ملک بلوچ ملنگ کی سربراہی میں کوالیفائیڈ اور ماہر کوچز کی زیر نگرانی جدید تربیت فراہم کی گئی۔

کیمپ کے اختتام پر معروف آرگنائزر اور چیف کوچ ملک ملنگ بلوچ نے موقعپر موجود شائقین اور کھلاڑیوں سے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ ایک پہیہ سائیکل ریس کے فروغ کے لئے محکمہ کھیل کا تعاون ہمارے لئے قابل قدر ہیں، محکمہ کھیل کے بھرپور تعاون کے سبب نہ صرف ہماری مثبت سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہورہا ہے بلکہ ہم اپنی نئی نسل کو معاشرتی برائیوں سے بچاکر کھیلوں کی صحت مندانہ سرگرمیوں کی طرف راغب بھی کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس 30روزہ کوچنگ کیمپ میں کھلاڑیوں نے کوچز کے ہمراہ سخت محنت کرکے اپنی اپنی کمزوریوں کو دور کیا ہے اور جدید تکنیک سے آگاہی بھی حاصل کی ہے، ون وہیل سائیکلنگ ریس ایک بین الاقوامی کھیل ہے اور مجھے امید ہے کہ ہماری یہ نوجوان نسل اور کیمپ کے تربیت یافتہ کھلاڑی مستقبل میں صوبائی اور بین الاقوامی سطح پر اپنے ملک پاکستان کا نام روشن کریں گے،ملنگ بلوچ نے کہا کہ ہم محکمہ کھیل کے تعاون کے بغیر صفر ہیں اس لئے ان سے اپیل ہے کہج وہ مستقبل میں بھی ہمارے ساتھ ایسا بھرپور تعاون جاری رکھیں گے تاکہ ہم اپنی سرگرمیوں کو بلا تعطل جاری رکھ سکیں۔