حکومت خیبر پختونخوا ایچ آئی وی کے مریضوں کو مفت علاج مہیا کر رہی ہے، وزیر صحت خیبرپختونخوا

پیر 23 ستمبر 2019 19:54

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2019ء) وزیر صحت خیبر پختونخوا ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے کہا کہ ایچ آئی وی قابل علاج مرض ہے حکومت خیبرپختونخوا رجسٹرڈ ایچ آئی وی کے مریضوں کو مفت علاج کی سہولیات مہیا کر رہی ہے۔ خیبرپختونخوا میں پورے پاکستان سے ایچ آئی وی کے مریضوں کا تناسب 4.5 فیصد ہے۔ صوبے کی ہسپتالوں میں داخل ہونے والے مریضوں کا ایچ آئی وی ٹیسٹ باقاعدگی سے کیا جاتا ہے تاکہ خدانخواستہ اگر کسی مریض میں ایچ آئی وی وائرس موجود ہے تو اس کا بروقت علاج ممکن ہو سکے اور اس کے ساتھ ساتھ عطیہ کیے جانے والے خون کی باقاعدگی سے سکریننگ کی جاتی ہے تاکہ خون میں موجود بیماریوں کی تشخیص کی جا سکے۔

وزیر صحت نے اس موقع پر صوبے کی تمام ہسپتالوں میں متعلقہ عملے کو یہ ہدایات جاری کیں کہ ایچ آئی وی سے متعلق آگاہی مہم شروع کی جائے اور ایچ آئی وی سے بچاؤ کے حوالے سے مختلف بینرز آویزاں کیے جائیں۔

(جاری ہے)

وزیر صحت نے اس موقع پر یہ بھی بتایا کہ جدید ریجنل بلڈ سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ خون کی سکریننگ کو جدید بنایا جاسکے۔ اس موقع پر وزیر صحت خیبر پختونخوا ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے عوام سے یہ درخواست کی کے ایچ آئی وی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کو اپنایا جائے ذرا سی غفلت ایچ آئی وی جیسی موذی بیماری لاحق کر سکتی ہے۔

وزیر صحت ہشام خان نے کہا کے اس سال اب تک پورے صوبے سے ایچ آئی وی کے 415 مریض رپورٹ ہوے ہیں جن میں مردوں کی تعداد 330 عورتوں کی 84 اور ایک خواجہ سرا میں ایچ آئی وی کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔