پاکستان کو شکست دے کر بھی دفاعی چمپئن جرمنی سوکا ورلڈ کپ سے باہر

جمعرات 17 اکتوبر 2019 20:37

پاکستان کو شکست دے کر بھی دفاعی چمپئن جرمنی سوکا ورلڈ کپ سے باہر
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2019ء) دفاعی چمپئن جرمنی کے خلاف پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کیا گوکہ انہیں ورلڈ چمپئن کے ہاتھوں 3-2سے شکست کا سامنا رہا لیکن اپنے جارحانہ کھیل سے مکمل طور پر بھرے ہوئے دی لیثرلیگز اسٹیڈیم، کریٹ میں شائقین کے دل جیت لئے۔ جمعرات کو یہاں موصولہ تفصیلات کے مطابق جرمنی فتح کے باوجود دوسرے سوکا ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔

اس نے اپنے 4میچز کا کوٹہ مکمل کرلیا جس میں 5پوائنٹس اسکور کئے۔ ہنگری کی 2میچوں میں 6پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ اتنے ہی میچوںمیں سلوینیا کے 4، رومانیہ کے 3میچوںمیں 4اورپاکستان 3میچوں میں اپنا اکاؤنٹ نہیں کھول سکاہے۔ وسری پوزیشن کیلئے رومانیہ اور سلوینیا میں مقابلے کی دوڑ جاری ہے۔

(جاری ہے)

گروپ ’ایچ‘ میں کھیلے گئے پاکستان اور جرمنی کے میچ میں قومی کھلاڑیوں نے اپنے گذشتہ میچوں کی نسبت آج زیادہ جارحانہ اور بہتر حکمت عملی اپنائی اور دفاعی چمپئن جرمنی کوآزادانہ کھیلنے کا موقع نہ دیا ۔

14ویں منٹ میں جان ایڈیمیٹ نے جرمنی کیلئے پہلا گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو 0-1سے آگے کردیا ۔ جسے 22ویں منٹ میں پاکستان کے 17سالہ برق رفتاراسٹرائیکر محمد وحید نے 25گز کے فاصلے سے ایک زوردار کک کے زریعہ اپنی ٹیم کو 1-1سے ہم پلہ بنادیا۔ گول اسکورنگ کی خوشی مناتے ہوئے اپنی شرٹ اتارنے پر انہیں یلوکارڈ کا سامنا کراکے 2منٹ کیلئے میدان سے باہر رکھا گیا۔

وقفہ پر مقابلہ 1-1سے برابر تھا۔ وقفہ کے بعد نکالاس کوہل نے 24ویں منٹ میں ایک بار پھر جرمنی کو 1-2کی سبقت دلادی۔ 34ویں منٹ میںپاکستان کے گول کیپر یوسف بٹ اور ڈومینک رینولڈ کو یلو کارڈ کے زریعہ 2منٹ کے میدان بدر کیا گیا لیکن ڈومینک نے دوبارہ گراؤنڈ میں آتے ہی 37ویں منٹ میں جرمنی کیلئے تیسر گول بنا کر مقابلہ 3-1کردیا۔2گول کے خسارے میں جانے کے باوجود پاکستان کے کھلاڑیوں کے حوصلے پست نہ ہوئے۔

محمد وحید، محمد علی، کریم کیرائے ، حبیب الرحمن اور عفان صدیقی نے باہمی اشتراک کا عمدہ مظاہرہ کیا اورمحمد وحید اور کریم کیرائے کی دو شوٹ سائیڈ بار سے ٹکرا کر باہر چلی گئیں۔ تاہم 42ویں منٹ میں محمد وحید نے ایک بار پھر اپنی برق رفتار شوٹ سے حریف ٹیم کے گول کیپر کو کوئی موقع نہ دیا اور پاکستان کے خسارے کو 3-2کردیا۔ اسی اسکور پر میچ کا اختتام ہوا۔

محمد وحید پاکستان انڈر19میں بھی منتخب ہوئے ہیں جو آئندہ ماہ ایشین انڈر19چمپئن شپ کھیلنے عراق کے شہر کربلا جائیں گے۔پاکستان کو کیپٹن عمر، شرافت علی، قاضی اشفاق ،گوہر زمان اور عیسیٰ خان کے بعد محمد وحید کی شکل میں ایک گوہر نایاب مل گیا ہے جو کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ پاکستان اپنا چوتھااور آخری میچ ہنگری سے آج (جمعہ) 6بجے شام کھیلے گا۔دیگر کھیلے گئے میچوں میں قازقستان نے نائیجریا کو 0-6، بلغاریہ نے سائپرس کو 0-6، فرانس نے انڈیا کو 0-7، کروشیا نے کولمبیا کو 0-5، ہنگری نے رومانیہ کو 3-4، رشیا نے اسپین کو 1-3، سلواکیہ نے نائجریا کو 0-4سے شکست دی جبکہ چائنا اور اسکاٹ لینڈ1-1اور گریس اور مصر کی ٹیمیں 2-2سے برابر رہیں۔