پشاور پریس کلب میں بہت جلد فری وائی فائی سروس شروع کریں گے، کامران بنگش

وائی فائی کی یہ سروس وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی ہدایات پر فراہم کی جار ہی ہے پشاور پریس کلب انتظامیہ کی جانب سے معاون خصوصی کی صحافی برادری کے لئے فری انٹرنیٹ سروس مہیا کرنے کی تعریف

جمعہ 18 اکتوبر 2019 18:37

پشاور۔18 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2019ء) وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صحافی برادری کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کو سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے کیونکہ صحافیوں کی دن رات محنت سے ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگ ارد گرد ہونے والے واقعات سے باخبر رہتے ہیں، چاہے عید ہو یا کوئی اور موقع صحافی اپنی سوشل لائف کی پرواہ کئے بغیر فیلڈ میں ڈیوٹی دیتے ہیں، صحافی اور صحافت کے ادارے ریاست میں کلیدی کردار رکھتے ہیں، آج کے ٹیکنالوجی کے دور میں صحافت جہاں ایک جانب آسان ہوتی جا رہی ہے تو دوسری طرف پراپیگنڈا اور غلط خبروں کی بھرمار کی وجہ سے صحافیوں کی ذمہ داریاں اور بھی بڑھ گئی ہیں اسی حوالے سے محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کی کوشش ہے کہ صحافیوں کو جدید دور کے تقاضوں کی بنیاد پر تیز ترین انٹرنیٹ تک مفت فراہمی یقینی بنائے، وائی فائی کی یہ سروس وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی ہدایات پر فراہم کی جار ہی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارانہوں نے پشاور پریس کلب کے جنرل سیکرٹری ظفراقبال اور فنانس سیکرٹری جمیل مہمند سے خصوصی ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر کامران بنگش نے صحافی برادری کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ میڈیا کے ذریعے حکومت کی کارکردگی غیرجانبدارانہ طریقے سے دکھانا نہایت اہم ذمہ داری ہے جو صحافی حضرات انتہائی ایمانداری سے نبھا رہے ہیں، جبکہ جہاں کہیں میڈیا کی توسط سے ہمیں اپنی کوتاہی کا علم ہوجاتا ہے تو اس پر بروقت کاروائی کی جاتی ہے۔

پشاور پریس کلب میں محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے فری انٹرنیٹ سہولت مہیا کرنے کے حوالے سے کامران بنگش نے کہا کہ پشاور پریس کلب میں فری وائی فائی مہیا کرنے کے لئے ابتدائی سروے سمیت دیگر کاغذی کاروائی مکمل کر لی گئی ہے، جس پر بہت جلد باقاعدہ کام کا آغاز شروع ہو جائے گا۔ جس سے پشاور پریس کلب میں انٹرنیٹ کے حوالے سے صحافیوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو جائے گا، ان کو رپورٹنگ اور سٹوری فائلنگ کے لئے سہولت میسر ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی محمود خان کی ہدایت پر بہت جلد صوبہ بھر کے پریس کلبوں میں فری وائی فائی سہولت دینے کیلئے حکمت عملی مرتب کریں گے۔پشاور پریس کلب کے جنرل سیکرٹری فیاض اقبال نے اس موقع پر صحافی برادری اورصوبائی انتظامیہ کے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت اور صحافیوں کے درمیان ایک اچھی ربط ہے، اور محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے پشاور پریس کلب کے صحافیوں کے لئے فری وائی فائی سہولت مہیا کرنا نیک شگون ہے۔

فنانس سیکرٹری جمیل مہمند نے کامران بنگش کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پریس کلب کی موجودہ انتظامیہ فری وائی فائی سروس کی سہولت مہیا کرنے کی کوشش کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، اس سے صحافیوں کو پیشہ ورانہ سرگرمیوں کو بروقت اور بغیر دشواری کے سرانجام دینے میں مدد ملے گی۔