جنسی ہراسگی کا جھوٹا الزام، ایم اے او کالج کے لیکچرار افضل محمود نے خُود کُشی کر لی

تحقیقات کے مطابق انگریزی کے لیکچرار پر طالبہ کی جانب سے لگایا گیاہراسگی کا الزام غلط ثابت ہو چکا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 19 اکتوبر 2019 14:15

جنسی ہراسگی کا جھوٹا الزام، ایم اے او کالج کے لیکچرار افضل محمود نے ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19اکتوبر2019ء) لاہور کی مشہوردرس گاہ ایم اے او (محمڈن اینگلو اوری اینٹل) کالج کے انگریزی کے لیکچرار افضل محمود نے ایک طالبہ کی جانب سے خود پر جنسی ہراسگی کا الزام لگائے جانے کے بعد زہر کھا کر خُود کُشی کر لی۔ یہ واقعہ 9 اکتوبر 2019ء کو پیش آیا تاہم حیران کُن طور پریہ افسوس ناک خبر میڈیا کی نظروں سے اوجھل رہی۔

اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے والے افضل محمود کی لاش کے ساتھ ان کی ایک تحریر بھی مِلی جس میں لکھا تھا کہ وہ اپنا معاملہ اب اللہ کے سپرد کر رہے ہیں، اور ان کی موت کے بارے میں کسی کی نہ تفتیش کریں اور نہ ہی زحمت دیں۔ جبکہ پولیس اور میڈیکل رپورٹ سے بھی ثابت ہوا ہے کہ انہوں نے خود کُشی کی ہے اور لکھا گیا نوٹ بھی ان کے ہاتھوں سے تحریر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

افضل محمود کی جانب سے اس واقعے کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی کی سربراہ ڈاکٹر عالیہ کے نام لکھے خط میں انہوں نے کہا ہے کہ اس جھوٹے الزام کی وجہ سے میرا خاندان پریشانی کا شکار ہے۔میری بیوی بھی آج مجھے بدکردار قرار دے کر جا چکی ہے۔ میرے پاس زندگی میں کچھ نہیں بچا۔ میں کالج اور گھر میں ایک بدکردار آدمی کے طور پر جانا جاتا ہوں۔ اس وجہ سے میرے دل اور دماغ میں ہر وقت تکلیف ہوتی ہے۔

افضل محمود پرطالبہ کی جانب سے ہراساں کرنے کے الزام کی تفتیش کرنے والی، ایم اے او ہراسمنٹ کمیٹی کی سربراہ ڈاکٹر عالیہ رحمان نے برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ افضل پر لگنے والا الزام تفتیش میں جھوٹا ثابت ہوا تھا۔انہوں نے مزید بتایا کہ ان تک ماس کمیو نیکشن ڈیپارٹمنٹ کی ایک طالبہ کی درخواست پہنچی تھی جس میں درج تھا کہ سر افضل لڑکیوں کو گھور کر دیکھتے ہیں۔

جب یہ کیس میرے پاس آیا تو میں نے اس لڑکی سے بات کی تو اس نے مجھے کہا کہ اصل میں سر ہمارے نمبر کاٹتے ہیں اور ہماری کلاس میں حاضری کم تھی اس لیے سر نے ہمارے نمبر کاٹ لیے۔میں نے ان سے کہا کہ اس بات کو سائیڈ پر کریں اور ان کے کریکٹر کی بات کریں اور یہ بتائیں کہ افضل نے ان کے ساتھ کبھی کوئی غیر اخلاقی بات یا حرکت کی؟ جس پر الزام لگانے والی طالبہ نے جواب دیا کہ نہیں مجھے تو نہیں کہا لیکن میری کلاس کی لڑکیاں کہتی ہیں کہ وہ ہمیں گھورتے ہیں۔

‘ڈاکٹر عالیہ کے مطابق انہوں نے انکوائری مکمل کرنے کے بعد انکوائری رپورٹ میں یہ لکھ دیا کہ افضل کے اوپر غلط الزامات لگائے گئے ہیں اور وہ معصوم ہیں۔ میں نے اپنی انکوائری رپورٹ میں یہ لکھا تھا کہ افضل بے قصور ہیں اور اس لڑکی کے کو وارننگ جاری کی جائے اور اسے سختی سے ڈیل کیا جائے۔