بھارت کو دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں بھی شکست دیکر سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری قائم کریں گے، مشفیق الرحیم

پیر 4 نومبر 2019 13:48

بھارت کو دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں بھی شکست دیکر سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن ..
راجکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 نومبر2019ء) بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز مشفیق الرحیم نے کہا ہے کہ بھارتی ٹیم کو دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں بھی شکست دیکر سیریز 2-0 سے اپنے نام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ میں کامیابی کے بعد ٹیم کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو اس کی سرزمین پر شکست دینا آسان نہیں تھا تاہم پوری ٹیم نے پہلے میچ میں جان لڑائی جس کا صلہ انکو میچ میں کامیابی کی صورت میں ملا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ پہلے میچ میں اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور آئندہ میچز میں بھی اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کریں گے۔ بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرا ٹی ٹونٹی میچ 7 نومبر کو راجکوٹ میں کھیلا جائے گا۔ اپنے ایک بیان میں مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز مشفیق الرحیم نے کہا کہ انکی ٹیم مکمل طور پر فٹ اور بھرپور فار میں ہے اور بھارت کے خلاف دوسرے میچ کے لئے میدان میں اترنے کو بے تاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف پہلے میچ میں کامیابی کے بعد انکی ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو دوسرے میچ میں بھی شکست دیکر نہ صرف مسلسل دوسری کامیابی حاصل کریں بلکہ سیریز بھی 2-0 سے اپنے نام کریں گے۔