زرعی ترقی کیلئے حکومت تاریخی اقدامات اٹھارہی ہے، کپاس کی پیداوار کا ہدف ایک کروڑ پچاس لاکھ گانٹھ حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہیں

وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ صاحبزادہ محبوب سلطان کا بیان

منگل 5 نومبر 2019 19:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 نومبر2019ء) وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ صاحبزادہ محبوب سلطان نے کہا ہے کہ زرعی ترقی کیلئے حکومت تاریخی اقدامات اٹھارہی ہے، کپاس کی پیداوار کا ہدف ایک کروڑ پچاس لاکھ گانٹھ حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہیں، کپاس کی فصل معیشت اور زراعت کے شعبے میں ریڑھ کی حیثیت رکھتی ہے۔

منگل کو یہاں ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں کپاس کی پیدوار کم ہو رہی ہے۔ کپاس کی امدادی قیمت کا اعلان کر کے کاشتکاروں کو فصل کا مناسب ریٹ دلانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری کوشش ہے کپاس کی کھوئی ہوئی افادیت کو واپس لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے زرعی شعبہ کی ترقی اور بہتری کیلئے اربوں روپے کا زرعی ایمرجنسی پروگرام دیا ہے جس سے آئندہ چند سالوں میں زرعی پیداوار میں اضافہ ہو گا اور زراعت میں ویلیو ایڈیشن کو فروغ ملے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت زرعی شعبہ کو اولیت دیتی ہے، وزیراعظم نے زرعی شعبہ کی ترقی پر ذاتی دلچسپی لی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے اس شعبہ کو نظر انداز کیا جس سے زراعت اس طرح ترقی نہیں کر سکی جس طرح اس میں گنجائش پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے موثر زرعی اقدامات سے زرعی شعبہ میں ترقی اور بہتری کے امکانات روشن ہیں۔

متعلقہ عنوان :