آسٹریلیا نے پاکستانی ٹیم کے دئیے گئے 107 رنز کے ہدف کو بغیر کسی نقصان کے پورا کرلیا ، سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی

قومی ٹیم نے 8 کھلاڑیوں کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں 107 رنز بنائے جس میں پاکستان کی بیٹنگ لائن متاثر کن کارکردگی نہ دکھاسکی

جمعہ 8 نومبر 2019 23:21

پرتھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 نومبر2019ء) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے آخری میچ میں آسٹریلیا نے قومی ٹیم کے دیے گئے 107 رنز کے ہدف کو بغیر کسی نقصان کے پورا کرلیا اور سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی۔جمعہ کو آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں کھیلے گئے تیسرے ٹی 20 میں آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پاکستان کی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

تیسرے ٹی 20 میچ میں قومی ٹیم نے 8 کھلاڑیوں کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں 107 رنز بنائے جس میں پاکستان کی بیٹنگ لائن متاثر کن کارکردگی نہ دکھاسکی۔ٹی 20 ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے امام الحق کے ہمراہ آسٹریلیا کے خلاف اننگ کا آغاز کیا لیکن گزشتہ 2 میچز کے برعکس کپتان بابر اعظم اچھی کارکردگی نہ دکھاسکے اور دوسرے اوور میں 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

(جاری ہے)

بابراعظم کے بعد وکٹ کیپر اور بلے باز محمد رضوان میدان میں آئے لیکن دوسرے اوور کی تیسری بال پر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔محمد رضوان کے بعد حارث سہیل نے ٹیم کی بیٹنگ لائن کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن اس مرتبہ اوپنر امام الحق 22 کے مجموعی اسکور پر 14 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔امام الحق کے بعد افتخار حسین نے بیٹنگ کا آغاز کیا لیکن حارث سہیل 54 کے مجموعی اسکور پر نویں اوور میں 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

حارث سہیل کے بعد خوش دل شاہ میدان میں آئے اور 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، ان کے بعد آنے والے عماد وسیم بھی صرف 6 رنز بنا کر 88 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔عماد وسیم کے بعد افتخار احمد 92 کے مجموعی اسکور پر 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ شاداب خان صرف ایک رن ہی بناسکے۔اس طرح پاکستان نے آسٹریلیا کو جیتے کے لیے 107 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا آغاز کیا اور جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے بغیر کسی نقصان کے ہدف کو پورا کرلیا۔آسٹریلوی ٹیم نے 107 رنز کا ہدف 11 اوور 5 بال کے نقصان پر پورا کیا، میزبان ٹیم کے کپتان ایرون فنچ نے 52 جبکہ ڈیوڈ وارنر نے 48 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔