خاوند نے ننھی بچیوں کی مار پیٹ کی ویڈیو بنا کر بیوی کو بھیج دی

ظالم باپ نے اپنی بیرونِ ملک بیوی سے رقم ہتھیانے کے لیے یہ انسانیت سوز حرکت کی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 14 نومبر 2019 14:11

خاوند نے ننھی بچیوں کی مار پیٹ کی ویڈیو بنا کر بیوی کو بھیج دی
ممبئی(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14نومبر 2019ء) والد اپنی بیٹیوں کو اپنی جان سے زیادہ بڑھ کر عزیز رکھتے ہیں خصوصاً چھوٹی عمر کی بیٹیوں سے تو اُن کا پیار حد سے زیادہ ہوتا ہے۔ تاہم بھارت میں مقیم ایک نکھٹو اور بے حِس والد نے اپنی دو ننھی بچیوں کومحض اس لیے بے دردی سے مارا پیٹا اور اُن سے بھیک منگواتا رہا تاکہ وہ اس کی ویڈیو بنا کر اپنی بیرونِ مُلک بیوی کو بھیجے اور اُسے جذباتی طور پر بلیک میل کر کے اُس سے رقم اینٹھ سکے۔

یہ واقعہ بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں پیش آیا۔ بھارتی اخبار کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ایک خاتون اپنے خاوند کے نکھٹو پن سے تنگ آ چکی تھی۔ اس لیے وہ خود اپنی اولاد کی کفالت کے لیے ایک خلیجی ملک میں ملازمت کی خاطر چلی گئی۔ مہا لکشمی نے اپنی دونوں چھوٹی بیٹیوں کو اپنے نکھٹو خاوند کے پاس چھوڑ دیا اور باہر کمائی کر کے شوہر کو بھیجتی رہی۔

(جاری ہے)

تاہم کچھ عرصہ بعد جب مہا لکشمی کی نوکری چلی گئی تو اُس نے کچھ عرصہ پیسے بھیجنے بند کر دیئے۔ تب بے حِس شوہر نے بیوی کو بلیک میل کرنے کے لیے انوکھا طریقہ اختیار کیا۔ اُس نے اپنی دونوں چھوٹی بچیوں 8 سالہ کیرتی اور 4 سالہ مریمامہ کو بیلٹ اور تار سے مارا پیٹا، اور پھر اُنہیں ٹھنڈے فرش پر بھی سُلاتا رہا۔ اس سب انسانیت سوز کی ویڈیو اُس نے اپنی بہن کے ذریعے موبائل فون پر ریکارڈ کروائی اور پھر اپنی بیوی کو بھجوا دی۔

مہا لکشمی اپنے ننھی بچیوں کے ساتھ یہ دہشت ناک سلوک دیکھ کر تکلیف سے بلبلا اُٹھی۔ لیکن باہر کے ملک میں مقیم ہونے کے باعث کچھ نہ کر سکی۔ ابھی اُس کی اذیت کم نہ ہوئی تھی کہ ایک بار پھر اُس کے واٹس ایپ پر ایک اور درد ناک ویڈیو آ گئی۔ اس ویڈیو میں خاوند ایشلا اپنی دونوں بیٹیوں پر تشدد کر رہا تھا، جس کے باعث وہ چیخیں مار رہی تھیں۔ اس ویڈیو میں ایشلا اپنی بیٹیوں کو پیسے کے لیے بھیک مانگنے پر مجبور کر رہا تھا اور ساتھ میں انہیں دھمکی بھی دے رہا تھا کہ اگر اُن کی والدہ نے پیسے نہ بھیجے تو وہ انہیں جان سے مار دے گا۔

مہا لکشمی کو اس وقت صحیح معنوں میں اندازہ ہو گیا کہ اُس کی شادی کس درندہ صفت شخص سے ہوئی تھی۔ اُس نے اپنے بھائی کو فون کر کے ساری بات بتائی۔ بھائی نے فوری طور پر اپنی دونوں بھانجیوں کو اس جہنم سے نکال کر اپنے پاس لے گیا۔ اور اپنے بہنوئی کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا ہے۔ تاہم الیشا فرار ہو چکا ہے۔ جبکہ اُس کی بہن کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس واقعے کے بعد ایک فلاحی تنظیم نے ان دونوں بچیوں کی تعلیم کے اخراجات اُٹھانے کا اعلان کیا ہے۔