محکمہ صحت فیصل ۱ٓباد کے زیر اہتمام شوگر کے عالمی دن کے حوالے سے واک

جمعرات 14 نومبر 2019 15:36

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2019ء) جمعرات کے روزمحکمہ صحت فیصل ۱ٓباد کے زیر اہتمام شوگر کے عالمی دن کے حوالے سے واک کا انعقادکیا گیا جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر فیصل ۱ٓباد محمد علی نے کی جبکہ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر آصف شہزاد،ڈی ڈی یچ او ڈاکٹر رانا عمران،ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر برائے وبائی امراض ڈاکٹر بلال احمد،پی ٹی آئی رہنما میاں آزاد کاسترو اور محکمہ صحت کے دیگر افسران اور سول سوسائٹی کے افراد بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

واک ضلع کونسل چوک سے شروع ہو کر خلیق قریشی چوک اورپریس کلب سے گزرتی ہوئی کچہری بازار چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔واک کے شرکاء نے ذیابیطس کی علامات،احتیاطی تدابیراورعلاج معالجہ پر مشتمل بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کچہری بازار چوک میں شہریوں میں شوگر سے بچائو کیلئے احتیاطی تدابیر پر مشتمل پمفلٹس بھی تقسیم کئے جبکہ ڈپٹی کمشنر محمد علی کا کہنا تھا کہ ذیابیطس سے بچاؤ اور علاج معالجہ سے متعلق شہریوں میں مئوثرانداز میں آگاہی ضروری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ذیابیطس کے مرض سے بچاؤ کیلئے علاج معالجے سے زیادہ احتیاط ناگزیر ہے ۔اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے مزید کہا کہ متوازن غذا کا استعمال،باقاعدگی سے سیر اورورزش کے ذریعے شوگر سے محفوظ رہا جاسکتا ہے جبکہ اس ضمن میں احتیاطی تدابیر سے آگاہی بھی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی وتحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں شوگر سمیت دیگر غیر متعدی بیماریوں کی سکریننگ اور علاج معالجہ کی سہولیات میسر ہیں نیزشہری صحت مندطرز حیات کو اپنائیں تاکہ اس بیماری پر قابو پاکر عالمی دن منانے کے حقیقی مقاصد حاصل ہوسکیں۔

انہوں نے کہا کہ بہت زیادہ بھوک پیاس لگنا،باربار یورن آنا،زخم کا ٹھیک نہ ہونا،نظر کی کمزوری جیسی علامات شوگر کا باعث ہیں۔ واک میں موجود ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر آصف شہزاد کا کہنا تھا کہ کوئی بھی علامت محسوس ہونے کی صورت میںشہری کسی غفلت کی بجائے فوری علاج معالجہ کرائیں، شوگر کے مریض وقت پر دوا کا استعمال کریں اور میٹھی ومرغن غذاؤں سے گریز کے علاوہ انسولین لگانے کے بعد خالی پیٹ رکھنے سے پرہیز اور وزن کوبڑھنے سے روکیں۔

دوسری جانب.ڈاکٹر بلال احمد نے کہا کہ شہری وقفے وقفے سے شوگر ٹیسٹ بھی کراتے رہیںکیونکہ انسانی خون میں موجود گلوکوز کی مقدار میں زیادتی ذیابیطس (شوگر)کا باعث ہے لہٰذا تندرست رہنے کیلئے گلوکوز کی سطح کونارمل رکھیں.ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر رانا عمران نے کہا کہ شوگر کے مریضوں کی صحت کادارومدار بروقت علاج اور مناسب احتیاط پر منحصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی خون میں موجود گلوکوز کی مقدار میں زیادتی ذیابیطس (شوگر)کا باعث ہے لہٰذا تندرست رہنے کیلئے گلوکوز کی سطح کونارمل رکھیں اور شوگر کے مریضوں کی صحت کادارومدار بروقت علاج اور مناسب احتیاط پر منحصر ہے۔

متعلقہ عنوان :