تحریک انصاف کی حکومت عوام کی دہلیز پر مسائل کا حل ممکن بنا رہی ہے، وزیر مواصلات و تعمیرات خیبر پختونخوا

منگل 19 نومبر 2019 12:08

تحریک انصاف کی حکومت عوام کی دہلیز پر مسائل کا حل ممکن بنا رہی ہے، وزیر ..
ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2019ء) صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف حکومت عوام کی دہلیز پر مسائل کا حل ممکن بنا رہی ہے، یو سی کلنجر کی پسماندگی کا خاتمہ کرنے کا چیلنج قبول کرنے کا مقصد یہاں کے عوام کے دیرینہ مطالبات کی تکمیل کو ممکن بنانا ہے، صوابی میرا سڑک کی تعمیر سے عوام کو سہولیات میسر آئیں گی، بیڑ تا کلنجر 80 کروڑ کی خطیر فنڈنگ سے خستہ حال اور تنگ سڑک کی تعمیر و توسیع سے فاصلے سمٹیں گے اور وقت کی بھی بچت ہو گی۔

وہ پیر کو 50 لاکھ روپے کی لاگت سے نو تعمیر شدہ سڑک کے افتتاح کے موقع پر بات چیت کر رہے تھے اس موقع پر تحریک انصاف کے سابق سینئر نائب ضلعی صدر حاجی حبیب، سابق ناظم جمیل الرحمن خان، خوشحال خان، عبدالرزاق، وی سی ناظم جہانزیب، محمد پرویز، رضوان عباسی، اویس اور معززین علاقہ سمیت سی اینڈ ڈبلیو ایس ڈی او سید جعفر شاہ، انجینئر محمد ضیاء بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اہلیان علاقہ نے اکبر ایوب خان کا دلی شکریہ ادا کیا۔ صوبائی وزیر مواصلات نے کہا کہ ہمارا مقصد اول عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہے اور ہم اس مشن پر قائم ہیں، آنے والے دو سالوں میں تینوں پسماندہ یونین کونسلوں کے صحت، تعلیم اور مواصلات سے متعلقہ مسائل ختم کر کے انہیں ماڈل یونین کونسلوں میں تبدیل کریں گے۔