امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ذاتی معالج کی صدرکے سینے میں تکلیف بارے قیاس آرائیوں کی تردید

معمول کے چیک اپ کے دوران صدر کو اس نوع کی کوئی تکلیف سامنے نہیں آئی، سین کونلے

منگل 19 نومبر 2019 14:14

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ذاتی معالج کی صدرکے سینے میں تکلیف بارے قیاس ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2019ء) امریکی صدر ٹرمپ کے ذاتی معالج سین کونلے نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سینے میں تکلیف کی قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ صدر کے معمول کے چیک اپ کے دوران انھیں اس نوع کی کوئی تکلیف سامنے نہیں آئی۔

(جاری ہے)

وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں سین کونلے نے کہا کہ 73 سالہ ڈونلڈ ٹرمپ ہفتے کے روز والٹر ریڈ نیشنل ملٹری میڈیکل سینٹر آئے جہاں ان کا ایک گھنٹے تک طبی معائنہ کیا گیا، اس دوران ان میں عارضہ قلب یا کسی اعصابی کمزوری جیسی کوئی تکلیف سامنے نہیں آئی ۔

انھوں نے کہا کہ صدر کی ہسپتال آمد خفیہ رکھی گئی تھی تاکہ ان کے جسم میں کولیسٹرول کی مقدار جانچی جائے۔ وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری اسٹیفنی گریشم نے بھی ہفتے کے روز بتایا تھا کہ آئندہ صدارتی انتخاب کی مصروفیات سے قبل صدر ٹرمپ کا یہ آخری سالانہ طبی معائنہ ہے ۔ادھر،بعض رپورٹوں کے مطابق صدر کو سینے میں تکلیف کے باعث شیڈول سے ہٹ کر چیک اپ کے لیے لایاگیا۔ فروری میں ڈاکٹرز نے صدر کی صحت کوبہت بہتر قرار دیا تھاجبکہ 2018ء میں بھی ان کی صحت مثالی قرار دی گئی تھی۔