پی ٹی اے کا واٹس ایپ پر گردش کرنے والے جعلی اشتہارکا نوٹس

پی ٹی اے نے ایسا کوئی اشتہار جاری نہیں کیا، عوام ایسے جعلی پیغامات پر توجہ نہ دیں۔ ترجمان پی ٹی اے کا بیان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 24 نومبر 2019 22:37

پی ٹی اے کا واٹس ایپ پر گردش کرنے والے جعلی اشتہارکا نوٹس
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24 نومبر2019ء) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے واٹس ایپ پر گردش کرنے والے جعلی اشتہار کا نوٹس لے لیا۔ ترجمان پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ پی ٹی اے نے ایسا کوئی اشتہار جاری نہیں کیا، عوام ایسے جعلی پیغامات پر توجہ نہ دیں۔ ترجمان پی ٹی اے نے اپنے بیان میں عوام کو مطلع کیا ہے کہ ایک موبائل کمپنی کے حوالے سے وٹس ایپ گروپوں میں گردش کرنے والا اشتہار جعلی ہے، پی ٹی اے نے ایسا کوئی اشتہار جاری نہیں کیا۔

عوام سے گزارش ہے کہ ایسے جعلی پیغامات پر توجہ نہ دیں۔ ترجمان پی ٹی اے نے کہا کہ جعلی پیغامات مزید پھیلانے سے گریز کریں کیونکہ اس سے متعلقہ کمپنی کے صارفین میں تشویش پھیل سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کو مطلع کیا جاتا ہے کہ پی ٹی اے کے حوالے سے تازہ ترین اور مصدقہ خبروں اور اطلاعات کے لیے پی ٹی اے کی ویب سائٹ یا پی ٹی اے کے ٹویٹر اور فیس بک پیج ملاحظہ کریں۔

واضح رہے گزشتہ روز ایک اشتہار واٹس ایپ پر گردش کر رہا تھا ۔ جس کو پی ٹی اے نے شیئر بھی کیا ہے اور لوگوں کو متنبہ کیا ہے کہ اس کا پی ٹی اے سے کوئی تعلق نہیں بلکہ یہ جعلی ہے۔ 
 دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی اے کی جانب سے شہری کا موبائل فون بند کرنے کیخلاف درخواست پرڈائریکٹر جنرل پی ٹی اے سے 27 نومبر کو دوبارہ جواب طلب کرلیا۔

جسٹس علی باقر نجفی نے عمران جمیل کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت کے روبرو درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ بیرون ملک سپین سے سام سنگ ایکس میکس موبائل خرید کر لایا، ائیرپورٹ پر ڈیوٹی ادائیگی کے باوجود موبائل فون بند کردیا گیا، درخواست گزار نے عدالت کو آگاہ کیا کہ پی ٹی اے لاہور ریجنل آفس کی ہدایت پر 36 ہزار 720 روپے ٹیکس بھی ادا کردیا،ٹیکس کی ادائیگی کے باوجود پی ٹی اے نے موبائل فون فنکشنل نہیں کیا، درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ ٹیکس ادائیگی اور قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد فون بند نہیں کیا جاسکتا، درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت ڈی جی پی ٹی اے کو موبائل فون فنکشنل کرنے کا حکم دے۔