پولیو کے انسداد میں سیاسی عناصر کی مداخلت کے خاتمے کے لئے نیشنل سٹریٹیجک ایڈوائزری گروپ تشکیل دیا جا رہا ہے

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹرظفرمرزا کی اے پی پی سے گفتگو

جمعرات 5 دسمبر 2019 13:57

پولیو کے انسداد میں سیاسی عناصر کی مداخلت کے خاتمے کے لئے نیشنل سٹریٹیجک ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2019ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹرظفرمرزا نے کہا ہے کہ حکومت ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے مؤثر پالیسی اختیار کر رہی ہے۔ اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ حکومت آئندہ سال میں ملک سے پولیو کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے پولیو کے انسداد میں سیاسی عناصر کی مداخلت کے خاتمے کے لئے نیشنل سٹریٹیجک ایڈوائزری گروپ تشکیل دیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام علمائے کرام اور حزب اختلاف کی جماعتوں کو اس گروپ میں شامل کیا جائے گا تاکہ اس حوالے سے درپیش کوئی بھی رکاوٹ ہو دور کی جا سکے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ تین صوبوں میں پولیو کے مرض کے حوالے سے زیادہ خطرے کی حامل بعض یونین کونسلز ہیں اور ان کونسلزمیں پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر اور خاندانوں کی نشاندہی کے حوالے سے بھی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جو اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے گریزاں ہیں اور پولیو کارکنوں کے کام میں مداخلت اور اس میں رکاوٹیں پیدا کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :