احساس لیبر ایکسپرٹ گروپ مزدور کے وقار پر یقین رکھتا ہے، ڈاکٹر ثانیہ نشتر

منگل 10 دسمبر 2019 17:14

احساس لیبر ایکسپرٹ گروپ مزدور کے وقار پر یقین رکھتا ہے، ڈاکٹر ثانیہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2019ء) احساس لیبر ایکسپرٹ گروپ (ایل ای جی) نے آج اپنے دسویں اجلاس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک میز پر جمع کرنے کا موقع فراہم کیا۔ اس اجلاس میں اس بات کو یقینی بنانے پر زوردیا گیا کہ آئین پاکستان کے تحت ہر پاکستانی کارکن چاہے وہ رسمی یا غیر رسمی معیشت کیلئے کام کرے اسے تحفظ اور مناسب معیار زندگی فراہم کی جائے۔

ماہرین نے ایل ای جی کے کام کے پہلے مرحلے میں غیر رسمی مزدوری کے شعبے میں سماجی تحفظ کی خدمات میں توسیع کیلئے ایل ای جی کے پیش کردہ مسودہ رپورٹ کے کلیدی نتائج پرتبادلہ خیال کیا۔ احساس فریم ورک کے تحت، ایل ای جی کو یہ اختیار دیا گیا تھا کہ وہ وفاقی حکومت کے محکموں، صوبائی حکومتوں، بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں، محققین، نجی شعبے، غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز)، لیبر رائٹس گروپس، کارکنان کے نمائندگان اورپاکستان بھر سے ملازمین کو ایل ای جی کی تحریری کمیٹی کے ذریعے پیش کردہ مسود ہ رپورٹ پر ماہرانہ غور و فکر کیلئے یکجا کرے تاکہ غیر رسمی کارکنوں کی رجسٹریشن شروع کرنے کیلئے عملی اقدامات کئے جاسکیں۔

(جاری ہے)

اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اگلے ماہ عوام کے سامنے پیش کرنے سے قبل ایل ای جی کی مسودہ رپورٹ کو رائے حاصل کرنے کیلئے صوبوں تک پہنچا دیا جائے گا۔ ایل ای جی کو اس بات پر تشویش ہے کہ پاکستان کے غیر رسمی شعبے کیساتھ ساتھ زرعی شعبے میں بھی کارکنان کی بھاری اکثریت کو سماجی تحفظ حاصل نہیں ہے۔ ’مزدور کا احساس‘ پروگرام کے تحت ہر کارکن کو سماجی تحفظ کی فراہمی کے پہلے قدم کے طور پر، ایکسپرٹ گروپ نے اپنی سفارشات پیش کی ہیں کہ تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن اور او پی اینڈ ایچ آر ڈی غیر رسمی کارکنوں کا اندارج کرنے اور انکے بینک اکائونٹ کھولنے کیلئے ایک طریقہ کار وضع کرے تاکہ کم سے کم اجرت کی شرح کو یقینی بنایا جاسکے۔

تین ماہ میں 9 اجلاسوں کے دوران، صوبائی حکومت کے محکموں کے نمائندگان اور اسٹیک ہولڈرز نے اپنے صوبوں میں حاصل کردہ کارکردگی کو پیش کیا جس میں ایکسپرٹ گروپ کے اجلاسوں کے دوران مجموعی طورپر 15 پرزینٹیشنز پیش کی گئیں۔ ایکسپرٹ گروپ کی صدارت تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن (پی اے ایس ایس ڈی)، اوورسیزپاکستانیز اور ہیومن ریسورس ڈویژن (او پی اینڈ ایچ آرڈی) کے سیکرٹریوں نے کی۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے اختتام پر کہا کہ احساس مزدور کے وقار پر یقین رکھتا ہے اور گھریلو ملازمین سمیت مزدورں اور انکے اہل خانہ کی فلاح وبہبود کیلئے ایک جامع منصوبہ کی بنیاد رکھ چکا ہے۔ انہوں نے ایل ای جی کے کام کی تعریف کی اور اس بات کا اعادہ کیا کہ ابتدائی نتائج ایک جانب اشرفیہ کی گرفت سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہوںگے اور دوسری جانب غیر رسمی شعبے کو باضابطہ بنانے میں مدد فراہم کریں گے۔ احساس پروگرام پاکستان کا اب تک کا سب سے بڑا سماجی تحفظ اور تخفیف غربت کا اقدام ہے۔ ’مزدور کا احساس‘ کارکنوں سے ہمدردی کے مترادف ہے جو عدم مساوات کو کم کرنے اور لوگوں میں سرمایہ کاری کیلئے کام کرتا ہے۔

متعلقہ عنوان :