ایران نے یوکرین کا مسافر طیارہ میزائل مار کر تباہ کیا، تصدیق کر دی گئی

غیر ملکی جریدے نیوز ویک کے مطابق طیارے کو ایرانی اینٹی ائیرکرافٹ میزائل سے نشانہ بنا کر تباہ کیا گیا، ایران نے اسی باعث طیارے کا بلیک باکس بھی فراہم کرنے سے انکار کر دیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 9 جنوری 2020 22:14

ایران نے یوکرین کا مسافر طیارہ میزائل مار کر تباہ کیا، تصدیق کر دی گئی
تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 جنوری2020ء) ایران نے یوکرین کا مسافر طیارہ میزائل مار کر تباہ کیا، تصدیق کر دی گئی، غیر ملکی جریدے نیوز ویک کے مطابق طیارے کو ایرانی اینٹی ائیرکرافٹ میزائل سے نشانہ بنا کر تباہ کیا گیا، ایران نے اسی باعث طیارے کا بلیک باکس بھی فراہم کرنے سے انکار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق غیر ملکی جریدے نیوز ویک کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ 2 روز قبل تہران میں یوکرین کا مسافر طیارہ میزائل کا نشانہ بنا تھا۔

نیوز ویک کے مطابق اس حوالے سے پینٹاگون حکام نے بھی تصدیق کی ہے۔ پینٹاگون حکام نے بتایا ہے کہ یوکرین کے مسافر طیارے کو اینٹی ائیرکرافٹ میزائل سے نشانہ بنایا گیا تھا۔ ایران کی جانب سے روسی ساختہ میزائل استعمال کیا گیا۔ یہ تمام واقعہ ایک غلطی فہمی کا نتیجہ تھا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی اردو کے مطابق ایران نے تہران میں تباہ ہونے والے یوکرین کے طیارے کا بلیک باکس طیارہ بنانے والی بوئنگ کمپنی یا امریکہ کو دینے سے انکار کر دیا ہے۔

ایران کی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کے سربراہ علی عابد زادے نے کہا ہے کہ ہم بلیک باکس کو مینوفیکچرر اور امریکہ کو نہیں دیں گے۔ ابھی یہ واضح نہیں کہ کونسا ملک بلیک باکس کے کاک پٹ کے وائس ریکارڈر اور فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر کا جائزہ لے گا تاہم اس حادثے کی تحقیقات ایران کا ہوائی بازی کا ادارہ کرے گا اور یوکرین بھی ان میں شامل ہو سکتا ہے۔

ایران کے فوجی حکام نے ان افواہوں کی تردید کی ہے کہ جو یوکرین کے طیارے کے بارے میں گردش کر رہی ہیں اور انہیں نفسیاتی جنگ کا حربہ قرار دیا ہے۔ جبکہ دوسری جانب بتایا جا رہا ہے کہ ہوائی بازی سے متعلق بین الاقوامی قوانین کے مطابق ایران تحقیقات کی سربراہی کرنے کا حق رکھتا ہے۔ لیکن اس میں طیارہ بنانے والی کمپنی بھی شامل ہوتی ہے اور ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ کچھ ممالک کے ماہرین بلیک باکس کا تجزیہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل تہران کے انٹرنیشنل ہوائی اڈے سے اڑنے والا یوکرین کا بوئنگ 800 -737 مسافر طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا جس میں جہاز میں مسافروں اور عملے سمیت 176 افراد سوار تھے۔ طیارہ اڑان بھرنے کے آٹھ منٹ بعد ہی گر کر تباہ ہو گیا تھا اور اس میں سوار عملے اور مسافروں میں سے کوئی بھی زندہ نہیں بچ پایا۔