روس بھی بھرپور تیاری کیساتھ میدان میں آگیا، دنیا کا سب سے تباہ کن ہائپر سانک میزائل چلا دیا

روسی صدر ولادی میر پوٹن نے سمندری حدود میں اپنی نگرانی میں میزائل کا تجربہ کروایا، میزائل آواز کی رفتار سے بھی تیز سفر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے

muhammad ali محمد علی جمعہ 10 جنوری 2020 23:37

روس بھی بھرپور تیاری کیساتھ میدان میں آگیا، دنیا کا سب سے تباہ کن ہائپر ..
ماسکو(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 10 جنوری 2020) روس بھی بھرپور تیاری کیساتھ میدان میں آگیا، دنیا کا سب سے تباہ کن ہائپر سانک میزائل چلا دیا، روسی صدر ولادی میر پوٹن نے سمندری حدود میں اپنی نگرانی میں میزائل کا تجربہ کروایا، میزائل آواز کی رفتار سے بھی تیز سفر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق روس نے خطے کی کشیدہ صورتحال کو بھانپتے ہوئے اپنی دفاعی قوت کا بھرپور اظہار کرنا شروع کر دیا ہے۔

روسی خبر رساں اداروں کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ روس نے حال ہی میں دنیا کے سب سے خطرناک ہائپر سانک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔ روس نے ہائپر سانک میزائل کا تجربہ اپنی سمندری حدود میں کیا۔ میزائل تجربہ روس کے صدر ولادی میر پوٹن نے اپنی نگرانی میں کروایا۔ اس سے قبل روس نے گزشتہ ماہ بھی مِگ31کے لڑاکا جیٹ کے ذریعے طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہائپر سانک میزائل کنجال (خنجر) کا آرکٹک میں تجربہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

مزید بتایا گیا ہے کہ یہ میزائل آواز کی رفتار سے زیادہ تیزی سے سفر کر سکتا ہے۔ دوسری جانب روس نے بین الاقوامی سمندر میں مزید متحرک ہونا شروع کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز روسی نیوی کا جہاز بحیرہ عرب میں جارحانہ انداز میں امریکی بحری جہاز کے بہت قریب پہنچ گیا تھا۔ امریکی بحری جہاز کی طرف سے وارننگ بھی جاری کی گئی تھی جسکو نظر انداز کر دیا گیا، جس سے دونوں کی ٹکراو کا خطرہ بہت زیادہ بڑھ گیا تھا، تاہم دونوں ملکوں کے بحری جہازوں میں کسی قسم کی جھڑپ کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

جبکہ ان اقدامات کے علاوہ روس نے سفارتی سطح پر بھی متحرک کردار ادا کرنا شروع کر دیا ہے۔ روس نے ایران، شام، ترکی اور دیگر اتحادی ممالک کی قیادت سے رابطے کیے ہیں۔ جبکہ امریکا کی جانب سے ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کو ہلاک کیے جانے کے واقعے کی مذمت بھی کی ہے۔