روس کی جانب سے پاکستان کیلئے 2 ارب ڈالرز کے پیکج کا اعلان

سرمایہ کاری نارتھ سائوتھ گیس منصوبہ کی مد میں کی جائے گی، طویل عرصے سے التوا کے شکار منصوبے کے نئے معاہدے پر اپریل میں دستخط ہونے کا امکان

ہفتہ 11 جنوری 2020 22:13

روس کی جانب سے پاکستان کیلئے 2 ارب ڈالرز کے پیکج کا اعلان
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 جنوری2020ء) روس کی جانب سے پاکستان کیلئے 2 ارب ڈالرز کے پیکج کا اعلان، سرمایہ کاری نارتھ سائوتھ گیس منصوبہ کی مد میں کی جائے گی، طویل عرصے سے التوا کے شکار منصوبے کے نئے معاہدے پر اپریل میں دستخط ہونے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور روس کا برسوں سے زیر التوا مشترکہ منصوبہ نارتھ سائوتھ گیس پائپ لائن بالآخر رواں برس اپریل میں شروع ہونے جا رہا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ پاکستان اور روس کے مابین نارتھ سائوتھ گیس پائپ لائن منصوبہ کیلئے پہلے سے ہی دستخط کیے جا چکے ہیں پھر بھی یہ منصوبہ التوا کا شکار ہوا۔ بتایا گیا ہے کہ روس کی حکومت نے نارتھ سائوتھ گیس منصوبہ کی تکمیل کی ذمہ داری ایک ایسی کمپنی ( کنسورشیم ) کوسونپ دی جس پر امریکا نے پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔

(جاری ہے)

اگر یہ کمپنی اس منصوبے پر کام کا آغاز کرتی تو اس صورت میں پاکستان پر بھی معاشی پابندیاں عائد کی جا سکتی تھیں۔

اسی باعث پاکستان اور روس کی حکومتوں کے درمیان مذاکرات جاری تھے اور کوشش کی جا رہی تھی کہ منصوبے کا ٹھیکہ کسی دوسری کمپنی کو دے دیا جائے۔ اب بتایا جا رہا ہے کہ روسی حکومت منصوبے کا ٹھیکہ ایک دوسری کمپنی کو دینے پر رضامندی ہو گئی ہے۔ اسی لیے اس منصوبہ کیلئے روس اور پاکستان کے درمیان ایک نیا معاہدہ طے پائے گا۔ یہ معاہدہ رواں برس اپریل میں طے پا جانے کا امکان ہے، جس کے فوری بعد منصوبے کی تعمیر کا کام شروع کر دیا جائے گا۔

اس منصوبے کے تحت روس پاکستان میں 2 ارب ڈالرز سے زائد کی سرمایہ کاری کرے گا۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد پاکستان میں گیس کی کمی کے بحران پر قابو پایا جا سکے گا۔ جبکہ گھریلو صارفین اور صنعتی سیکٹر کو بھی سستی گیس کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی۔ پاکستان اور روس کے درمیان اس گیس پائپ لائن کا معاہدہ گزشتہ چند دہائیوں کے دوران کیا گیا سب سے بڑا دو طرفہ معاہدہ ہے۔