سعودی عرب میں سالانہ امتحانات کی تاریخ میں تبدیلی کر دی گئی

مملکت بھر میں پرائمری، مڈل، ہائی سکول اور کالجوں کے امتحانات مئی کے مہینے میں شروع ہوں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 15 جنوری 2020 11:05

سعودی عرب میں سالانہ امتحانات کی تاریخ میں تبدیلی کر دی گئی
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 جنوری2020ء) سعودی محکمہ تعلیم کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ مملکت بھر میں سالانہ امتحانات کے شیڈول میں تبدیلی کر دی گئی ہے۔ سالانہ امتحانات 10 رمضان المبارک 1441ھ یعنی 3 مئی 2020ء بروز اتوار شروع ہوں گے۔اس حوالے سے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مملکت بھر میں رواں تعلیمی سال کے امتحانات کے نئے شیڈول کی منظوری دے دی ہے۔

سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے نے وزیر تعلیم ڈاکٹر حمد بن محمد آل الشیخ کے حوالے سے بتایا ہے کہ گزشتہ سال سالانہ امتحانات رمضان المبارک کی بجائے عید الفطر کی تعطیلات کے بعد کروائے جانے کا تجربہ کیا گیا تھا جو کچھ زیادہ خوشگوار نہیں رہا۔ اسی وجہ سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ رواں سال کے سالانہ امتحانات 3 مئی کو رمضان کی 10 تاریخ کو لیے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

جن کے بعد 14 مئی 2020ء سے سالانہ تعطیلات شروع ہو جائیں گی۔ آل الشیخ نے بتایا کہ پرائمری سکولوں کے امتحانات 18 رمضان 1441ھ سے شروع ہوں گے جس کے بعد نرسری اور پرائمری سکولوں کے تعلیمی عملے اور انتظامیہ کی 21 رمضان 1441ھ سے سالانہ تعطیلات شروع ہو جائیں گی۔جبکہ مڈل اورسیکنڈری سکولوں کے امتحانات 10 شوال 1441ھ کو شروع ہوں گے۔ ان تعلیمی اداروں کے تعلیمی و انتظامی عملے کی سالانہ چھٹی 19 شوال 1441ھ سے شروع ہوگی۔

باقی سکولوں کے عملے کی ڈیوٹی 26 ذی الحجہ 1441ھ کو شروع ہوگی۔وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ امتحانی شیڈول میں تبدیلی سے زیر تعلیم بچوں کے امتحانی نتائج اور امتحانات کی تیاریوں کے حوالے سے خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے اور انہیں بڑی راحت مِلے گی۔ والدین کی جانب سے بھی گزشتہ سال کے امتحانی شیڈول پر اعتراضات اُٹھائے گئے تھے اور مختلف تعلیمی اداروں کی جانب سے بھی سفارشات سامنے آئیں جس کے بعد طلباء و طالبات کی آسانی کی خاطر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر تعلیم نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اسکولوں میں نئے تعلیمی سال کا آغاز 11 محرم 1442ھ سے ہو گا تاہم اسکولوں کے اساتذہ 4 محرم 1442ھ سے ڈیوٹی پر حاضر ہو جائیں گے۔