ہرنائی میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کاآغاز ، زرغون غر، زردآلو، کھوسٹ میں چند دن کے بعد مہم شروع کرینگے، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر

بدھ 15 جنوری 2020 16:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2020ء) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالرشید ناصر نے کہاکہ ضلع ہرنائی میں پانچ روزہ انسداد مہم کاآغاز ہوچکاہے ضلع کے 14 زون میں سے 11 زون میں قطرے پلانے والے ٹیمیں متعلقہ علاقوں میں مصروف ہیں، جبکہ3 زون میں موسم بہتر ہونے کے بعد مہم شروع کریںگے، ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس میں انسداد پولیو مہم کے افتتاح تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈبلیو ایچ او ، ای پی ای آئی ، محکمہ صحت ، پیرامیڈیکس کے ضلعی صدر حاجی عبدالودود ترین بھی موجود تھے، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالرشید ناصر نے کہاکہ چونکہ محکمہ صحت اور ڈبلیو ایچ او کی جانب سے 13 جنوری کو صوبے کے مختلف اضلاع میں مہم کاآغاز کرنا تھا تاہم ضلع ہرنائی میں شدید بارشوں اور برفباری کے باعث روز انسداد پولیو مہم کو ڈبلیو ایچ او اور محکمہ صحت کے حکام کی مشاورت سے ملتوی کرکے آج15 جنوری سے مہم کاآغاز کردیا گیا انہوں نے کہاکہ ضلع کو14 زون میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں 114 موبائل ٹیمیں 14 ٹرانزاٹ پوائنٹ اور30 فکس سنٹرز ہے برفباری اور رابطہ سڑکوں میں مشکلات کے باعث کی وجہ سی3 زون زرغون غر ، زردآلو ، اور کھوسٹ میںدو، تین دنوں کے بعد پولیو مہم شروع کرینگے ،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر عبدالرشید ناصر نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ضلع ہرنائی کے علاقہ تحصیل شاہرگ بازار میں ایک بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق کے بعد ایمرجنسی بنیادوں پر ضلع بھر میں ہر ماہ انسداد پولیو مہم چلارہے ہیں، انہوں نے کہاکہ قطرے پلانے والے ٹیمیوں کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں، اے ایریا میں پولیس جبکہ بی ایریا میں لیویز فورس کے جوانوں کو قطرے پلانے والے ٹیمیوں پر تعینات کیا گیا ہے، ڈاکٹر عبدالرشید ناصر نے کہاکہ پولیو ایک خطرناک مرض ہے بچوں کو لاحق ہونے سے بچہ عمر بھرکیلئے معذور ہوجاتا ہے، انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ انسداد پولیو قطرے پلانے والی ٹیمیوں سے بھرپور تعاون کرکے مہم کی کامیابی میں محکمہ صحت کا ساتھ دیں، تقریب کے آخر میں ڈی ایچ او نے دیگر آفیسران کے ہمراہ بچوں کو قطرے پلا کرمہم کافتتاح کیا۔