پنجاب، ایک سال کے دوران 90 ہزار لوگ کتے کے کاٹنے کا شکار

صرف لاہور میں 6 ہزار افراد نے کتوں کے کاٹے کی ویکسی نیشن کرائی، رپورٹ

بدھ 15 جنوری 2020 19:06

پنجاب، ایک سال کے دوران 90 ہزار لوگ کتے کے کاٹنے کا شکار
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2020ء) پنجاب کے 36 اضلاع میں ایک سال کے دوران 90 ہزار لوگ آوارہ کتوں کے کاٹنے کا شکار ہوئے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں آوارہ کتوں کے راج سے شہری پریشان ہو کر رہ گئے، ایک رپورٹ کے مطابق صوبے میں گزشتہ سال کے دوران تقریباً 90 ہزار افراد سگ گزیدگی کا شکار ہوئے ، صرف لاہور میں 6 ہزار افراد نے کتوں کے کاٹے کی ویکسی نیشن کرائی۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جب اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر لاہور دانش افضال سے بات کرنے کی کوشش کی گئی تاہم انہوں نے بات کرنے سے انکار کر دیا۔سرکاری حکام کے مطابق صوبے میں صرف ایک ڈاگ بائیٹ ویکسی نیشن سینٹر ہے جو لاہور میں برڈوڈ روڈ پر واقع ہے، صوبے بھر سے سگ گزیدگی کے شکار افراد کو ویکسی نیشن کے لیے اس سینٹر میں لایا جاتا ہے۔ایڈیشنل سیکریٹری صحت پنجاب عاصم الطاف نے بتایا کہ شہری آوارہ کتوں کے کاٹنے کے بڑھتے ہوئے واقعات کی وجہ سے عدم تحفظ کا شکار ہیں، اضلاع کی انتظامیہ اپنی ذمے داری پوری نہیں کر رہی۔دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ آوارہ کتوں کا خاتمہ اور متاثرہ افراد کو علاج و معالجے کی بہتر سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

متعلقہ عنوان :