چین کی کرونا وائرس کی انسان سے انسان کو منتقلی کی تصدیق، میڈیکل عملے کے 15 ارکان متاثر

منگل 21 جنوری 2020 12:15

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2020ء) چین نے سارس وائرس جیسے نئے کرونا وائرس کیانسان سے انسان کو منتقلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، کرونا وائرس سیمتاثرہ چوتھا مریض چل بسا ہے اور اس سے میڈیکل عملے کے 15 ارکان متاثر ہوئے ہیں ۔ یہ بات چین نے منگل کو عالمی ادارہ صحت کے اس بیان کے بعد کہی جس میں کہا گیا کہ وہ اس وباء پر قابو پانے کے لیے انٹرنیشنل پبلک ہیلتھ ایمرجنسی کے اعلان کرنے پر غور کررہے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ کرونا وائرس پر قابو پانے کے لیے تشکیل دی گئی ہنگامی کمیٹی آج (بدھ) کو ملاقات کرے گی تاکہ انٹرنیشنل پبلک ہیلتھ ایمرجنسی کے اعلان کا تعین کیا جاسکے۔ کرونا وائرس جو ایک قسم کے نمونیا کا سبب بنتا ہے ایک شخص سے دوسرے شخص میں منتقل ہو سکتا ہے کیونکہ25 جنوری کو چین کے نئے سال کی خوشی اپنے عزیزواقارب کے ساتھ منانے کے لیے ملک بھر میں لاکھوں افراد ٹرینوں، بسوں اور جہازوں سے سفر کریں گے۔

(جاری ہے)

چین کے صوبہ ہیبی کے دارالحکومت ووہان جہاں کی سمندری خوراک میں وائرس کی وباء کی شناخت ہوئی ہے ،کے محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ وائرس سے ہلاک ہونے والاچوتھا شخص ایک 89 سالہ معمر شہری ہے اور اس کے علاج سے میڈیکل عملے کے 15 ارکان متاثر ہوئے ہیں۔ شنگھائی میں کرونا وائرس کا دوسرا کیس سامنے آیا ہے جبکہ چین کے دارالحکومت بیجنگ میں5 افراد میں تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد یہ وائرس جاپان، تھائی لینڈ اور جنوبی کوریا بھی پہنچ گیا ہے جہاں اس وائرس سے 4 افراد ہسپتال میں داخل ہیں۔