انضمام الحق ٹی ٹونٹی ٹیم سے عامر وہاب کو ڈراپ کرنے پر ناخوش

وہاب اور عامرکوسکواڈ میں ہونا چاہئے تھا کیونکہ مختصر فارمیٹ میں دونوں بہترین باﺅلنگ کرتے ہیں:سابق کپتان و چیف سلیکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 21 جنوری 2020 12:21

انضمام الحق ٹی ٹونٹی ٹیم سے عامر وہاب کو ڈراپ کرنے پر ناخوش
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20جنوری 2020ء )  پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق چیف سلیکٹر و کپتان انضمام الحق نے بنگلہ دیش کیخلاف ٹی 20 سیریز کیلئے قومی سکواڈ میں محمد عامر اور وہاب ریاض کی عدم شمولیت پر اعتراض کرتے ہوئے کہا ہے کہ مختصر فارمیٹ میں دونوں سب سے بہترین باﺅلنگ کرتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ وہاب اور عامر کو سکواڈ میں ہونا چاہئے تھا کیونکہ مختصر فارمیٹ میں دونوں اپنی بہترین باﺅلنگ کرتے ہیں۔

اگر دونوں کو ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے باعث نکالا گیا ہے تو یہ مسئلے سے نمٹنے کا مناسب حل نہیں کیونکہ دونوں سینئر ہیں اور سلیکٹر کو ان سے فائدہ لینا چاہئے کیونکہ ٹی 20 ورلڈکپ قریب ہے۔انضمام الحق مختصر فارمیٹ کیلئے قومی سکواڈ میں بے جا تبدیلیوں پر ناخوش نظر آئے جنہوں نے کہا کہ منتخب قومی سکواڈ کے حوالے سے کیا کہنا ہے، میں فیصلہ نہیں کر پایا لیکن اب میرا ماننا یہ ہے کہ سینئر اور جونیئرز کھلاڑیوں کے انتخاب میں توازن ہونا چاہئے تھا کیونکہ ایک ہی وقت میں 7 سے 8 تبدیلیوں کے باعث کارکردگی پر بھی فرق پڑے گا۔

(جاری ہے)

انکا مزید کہنا تھا کہ انکے خیال سے محمد حفیظ اور شعیب ملک کی سکواڈ میں واپسی اچھا فیصلہ ہے جبکہ حارث رﺅف کو منتخب کرنے کا فیصلہ بھی درست ہے، احسان علی نے ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھائی ہے اس لئے انہیں منتخب کر کے بھی ٹھیک فیصلہ کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :