ابوظہبی کے دیہی علاقے میں بپھرے بیل نے تباہی مچا دی

فارم ہاؤس کے تین ملازمین بیل کو قابو کرنے کی کوشش میں زخمی ہو گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 23 جنوری 2020 16:02

ابوظہبی کے دیہی علاقے میں بپھرے بیل نے تباہی مچا دی
ابو ظہبی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23جنوری 2020ء) ابوظہبی کے علاقے العین میں واقع ایک فارم ہاؤس سے بھاگے بپھرے بیل نے تین غیر مُلکی ملازمین کو زخمی کر ڈالا۔ تفصیلات کے مطابق یہ فارم ہاؤس ایک اماراتی شخص کی ملکیت تھا۔ جہاں پر موجود ایک بیل فارم ہاؤس سے بھاگ کھڑا ہوا اور قریب ہی واقع ایک شہری کے گھر کے صحن میں جا گھُسا۔ فارم ہاؤس کے ملازمین کی جانب سے باری باری بیل کو قابو کرنے کی کوشش کی گئی مگر ہر بار اس کا نتیجہ اُن کے زخمی ہونے کی صورت میں نکلا۔

خونخوار بیل کی ایک گھر میں موجودگی کی اطلاع نے آس پاس کے مکینوں میں بھی تشویش کی لہر دوڑا دی اور لوگوں نے اپنے بچوں کو بھی اندیشے کے تحت باہر جانے سے روک دیا۔ دو روز تک بیل شہری کے گھر میں ہی رہا۔ اس دوران اُسے واپس لے جانے کے لیے آنے والے ملازمین کو بھی بیل کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

جس کے نتیجے میں ایک ملازم کو اچھی خاصی چوٹیں آئیں جبکہ دو ملازم معمولی زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کی خاطر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

العین کے چڑیا گھر کے اینیمل ہیلتھ سنٹر پر تعینات ایک ماہر حیوانات نے بتایا کہ اطلاع ملنے پر اُن کے طبی مرکز کا عملہ بیل کو قابو کرنے کے لیے روانہ ہو گیا۔ کیونکہ کھُلے صحن میں پھرنے والا یہ دیو قامت بیل راہگیروں اور آس پاس کے لوگوں کے لیے بڑا خطرہ بن گیا تھا۔ اس مقصد کے لیے جانوروں سے متعلق ایک فرم کی خدمات حاصل کرتے ہوئے ان سے بیل کو بے ہوش کرنے والی دوائی حاصل کی گئی۔

اس مقصد کے لیے مختلف ڈیوائسز کا بھی استعمال کیا گیا کیونکہ مشتعل بیل کے پاس جا کر اُسے بے ہوش کرنا ایک مشکل اور جان جوکھوں میں ڈالنے والا مرحلہ تھا۔ بالآخر بیل کو بے ہوش کرنے میں کامیابی حاصل ہو گئی جس کے بعد اس بیل کو واپس اس کے اماراتی مالک کے فارم ہاؤس منتقل کر دیا گیا۔ ماہر حیوانات کا کہنا تھا کہ امارات میں موجود تمام ایسے فارم ہاؤسز جہاں بیل اور بھینسے وغیرہ رکھے گئے ہیں، وہاں پر جانوروں کو فرار ہونے سے روکنے کی خاطر مضبوط جنگلے لگانے چاہئیں تاکہ عام لوگوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق نہ ہوں۔

متعلقہ عنوان :