کرونا وائرس متحدہ عرب امارات میں بھی پہنچ گیا

ووہان سے امارات پہنچنے والا چینی خاندان کرونا وائرس سے متاثر نکلا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 29 جنوری 2020 12:19

کرونا وائرس متحدہ عرب امارات میں بھی پہنچ گیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29جنوری 2020ء) چین میں پھیلنے والے مہلک کرونا وائرس نے دُنیا بھر میں تشویش اور پریشانی کی لہر دوڑا دی ہے۔ اس حوالے سے ہر مُلک کی جانب سے حفاظتی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں۔ مگرپھر بھی یہ وائرس چند روز میں ہی دُنیا کے کئی ممالک میں پھیل چکا ہے۔ اب متحدہ عرب امارات میں مقیم افراد کے لیے بھی بہت پریشانی کی خبر یہ ہے کہ یہ خوفناک وائرس اماراتی سرزمین پر بھی اپنے خونی پنجے گاڑ چکا ہے۔

دُبئی کی منسٹری آف ہیلتھ اینڈ کمیونٹی پروٹیکشن کی جانب سے ایک ہنگامی بیان جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق امارات میں بھی کرونا وائرس سے متاثرہ پہلا کیس سامنے آگیا ہے۔ دُبئی میں کرونا وائرس کا پہلا مریض ایک چینی باشندہ ہے جو اپنے خاندان کے ساتھ کرونا وائرس سے متاثرہ شہر ووہان سے امارات آیا تھا۔

(جاری ہے)

اس خاندان کے دیگر افراد میں بھی کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

اس متاثرہ خاندان کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ تمام مریضوں کو انتہائی نگہداشت کی جا رہی ہے اور اب ان کی حالت تسلّی بخش ہے۔ وزارت صحت کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ مملکت میں وبائی امراض کی تشخیص کے مراکز 24 گھنٹے کام کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی مشتبہ مریض میں کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے پر اسے فوری طور پر تشخیص کے مراحل سے گزارا جا سکے۔

وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق مملکت میں موجود ہر شخص کی زندگی اور صحت کے تحفظ کی خاطر ہر لمحے صورتِ حال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔ متحدہ عرب امارات کے تمام ایئرپورٹس بشمول دُبئی ایئر پورٹ پر جو مسافروں کی آمد و رفت کے اعتبار سے دُنیا کے بڑے ایئر پورٹس میں شمار ہوتا ہے، وہاں پر بھی چین سے آنے والے تمام مسافروں کی موقع پر ہی سکریننگ کی جا رہی ہے۔

ابو ظہبی ایئر پورٹ پر بھی چین سے آنے والے تمام مسافروں کی سکریننگ کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ چینی شہر ووہان سے پھُوٹنے والی کرونا وائرس کی وبا کے 132 اموات ہو چکی ہیں، جبکہ دُنیا بھر میں اس موذی وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 6 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ اس وقت دُنیا بھر کے پندرہ ممالک میں اس وباء کے پھیل جانے کی تصدیق ہو چکی ہے۔