وزارت نیشنل ہیلتھ سروسزکاسگریٹ کے اشتہارات اور انڈسٹری کی سپانسر شپ،انعامی سکیموں پر مکمل پابندی کا نوٹیفیکیشن جاری

ہفتہ 1 فروری 2020 12:27

وزارت نیشنل ہیلتھ سروسزکاسگریٹ کے اشتہارات اور انڈسٹری کی سپانسر شپ،انعامی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 فروری2020ء) وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز نے سگریٹ کے اشتہارات اور انڈسٹری کی سپانسر شپ،انعامی سکیموں پر مکمل پابندی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے ۔وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز کی طرف سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق پاور وال، پوسٹرز، بینرز، سکرین، سینما گھروں اور تھیٹرز میں تمباکو مصنوعات کے کسی بھی اشتہار کو غیر قانونی قرار دے دیا گیا ہے۔

سگریٹ بنانے والی کمپنیاں کسی بھی دکان کے اندر یا باہر کوئی اشتہاری مواد چسپاں نہیں کر سکیں گی۔نوٹیفیکیشن کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر ظفر مرزانے کہا ہے کہ پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا کے ذریعہ تمباکو مصنوعات کے تشہیر پر بھی پابندی عائد کر دی ہے، کسی کو ذاتی ای میل یا ڈاک کے ذریعہ اشتہار نہیں دیا جا سکے گا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ظفرمرزا نے کہا کہ کم عمر بچے اب تمباکو مصنوعات کی اشتہاری مہم جوئی کا شکار نہیں ہوں گے۔معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان میں ہر سال ایک لاکھ 66 ہزار افراد تمباکو نوشی سے لگنے والی بیماریوں سے ہلاک ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے تمباکو نوشی سے ہونے والی اموات پر قابو پانے اور صحت کی سہولیات میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمباکو نوشی کی روک تھام کے لئے موثر قانون سازی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، قانون کے اطلاق کے لئے ہر ممکن حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزارت صحت انتہائی سنجیدہ اقدامات کے ساتھ عوامی آگہی مہم کو بھی تیزی سے آگے بڑھا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :