عراق میں غربت کی سطح کے حوالے سے تازہ ترین اعداد و شمار جاری

پیر 17 فروری 2020 15:50

بغداد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2020ء) عراق میں منصوبہ بندی کی وزارت نے ملک میں غربت کی سطح کے حوالے سے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کئے ہیں۔مذکورہ اعداد و شمار کے نتائج سے اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ مظاہروں کے لئے سڑکوں پر آنے والے عراق کے جنوبی صوبوں کے نوجوان سب سے زیادہ غربت سے دوچار ہیں۔ غربت کی بلند ترین شرح ملک کے چار جنوبی اور مشرقی صوبوں میں پائی گئی ہے۔

یہ صوبے المثنی، الدیوانیہ، میسان اور ذی قار ہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ملک کا جنوبی صوبہ المثنی سب سے زیادہ غربت کے حامل صوبوں کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہے۔ یہاں غربت کا تناسب 52 فیصد ہے۔ الدیوانیہ صوبہ 48 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر، میسان صوبہ 45 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر اور ذی قار صوبہ 44 فیصد کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ نینوی صوبہ جو ابھی تک داعش کے خلاف جنگ کے اثرات سے باہر نہیں آ سکا ، 37.7 فیصد غربت کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔واضح رہے کہ عراق میں گذشتہ برس یکم اکتوبر سے بھرپور مظاہرے دیکھے جا رہے ہیں۔ مظاہرین ملک میں سیاسی تبدیلی، سیاسی جماعتوں کے کوٹے اور بدعنوانی کے خاتمے اور قبل از وقت پارلیمانی انتخابات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔