خلیفہ بلافصل یارغار سیدنا صدیق اکبرؓ کا یوم وفات

مختلف مکاتب فکر اور دینی جماعتوں کے زیر اہتمام ملک بھر میں’’ یوم صدیق اکبرؓ‘‘ نہایت عقیدت اور احترام کے ساتھ منایاگیا

پیر 17 فروری 2020 23:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 فروری2020ء) خلیفہ بلافصل یارغار سیدنا صدیق اکبرؓ کے یوم وفات (22جمادی الثانی)کے حوالے سے مختلف مکاتب فکر اور دینی جماعتوں کے زیر اہتمام ملک بھر میں’’ یوم صدیق اکبرؓ‘‘ نہایت عقیدت اور احترام کے ساتھ منایاگیا۔مجلس احراراسلام پاکستان ،تحریک تحفظ ختم نبوت ،مجلس خدام صحابہؓ ،تحریک طلبہ اسلام کے رہنمائوں نے اپنے بیانات میں سید نا صدیق اکبر ؓ کے دورخلافت کو آئیڈیل قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ خلافت صدیقی پوری دنیامیں امن وآشتی کی ضمانت ہے اورخلافت صحابہ کرامؓ کی پیروی میں ہی ہماری پریشانیوںکا حل موجودہے ۔

قائد احرارسید عطاء المہیمن بخاری نے کہاہے کہ سیدناابوبکرصدیق نے ؓ بلاتعامل وتردد جناب نبی کریم ﷺ کی دعوت کو قبول فرمایا اور پھر اپناسب کچھ اسلام اور نبی مکرم ﷺ پر قربان کردیا۔

(جاری ہے)

ان کا دورحکومت مثالی طرز حکومت ہے ۔انہوںنے فتنہ ارتداد مسلیمہ کذاب کے خلاف مہم جوئی کرکے عقیدہ ختم نبوت کے پہلے سپہ سالار ہونے کا شرف حاصل کیا ۔پروفیسر خالد شبیر احمد،عبداللطیف خالد چیمہ ،سید محمد کفیل بخاری،قاری محمد یوسف احرار،میاں محمد اویس ، مولانا محمد مغیرہ،سید عطاء اللہ شاہ ثالث ،مولانا تنویرالحسن احرار،ڈاکٹرمحمد آصف ، سید عطاء المنان بخاری، قاری محمدقاسم حافظ ضیاء اللہ ہاشمی،حافظ محمد اسماعیل ، حاجی عبدالکریم قمر،مولانا محمد اکمل ، محمدشفیع الرحمن احرار،مولانامحمدسرفرازمعاویہ اور دیگر رہنمائوں نے کہاہے کہ جناب نبی کریم ﷺ کا سب سے زیادہ قرب حضرت صدیق اکبر ؓ کو حاصل ہوا اور وہ یار غار بھی ٹھہرے ،مختلف رہنمائوں نے کہاکہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ حضرات صحابہ کرام ؓ کی تعلیمات کو عام کیاجائے ۔

انہوں نے کہاکہ جناب نبی کریم ﷺ کے ارشاد مبارک کی روشنی میں تما م کے تمام صحابہ کرامؓ ستاروں کی ماند اور جنتی ہیں ہم بطور امتی جس صحابی کی بھی پیروی کریں گے وہ ہمیں جنت میں ہی لے جائے گی۔ان رہنمائوںنے مطالبہ کیا کہ ایسی قانون سازی کی جائے کہ حضرات صحابہ کرامؓ کی شان میں گستاخی جرم ہو۔انہوںنے مطالبہ کیاکہ حکومت امتناع قادیانیت ایکٹ پر عمل درآمد کی صورت حال کو بہتر بنائے اور اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات کی روشنی میں مرتد کی شرعی سزا نافذ کی جائے۔

تحریک طلبہ اسلام پاکستان کے مرکزی کنونیر محمدقاسم چیمہ اور محمد طلحہ شبیر نے کہاہے کہ ہرسطح کے نصاب تعلیم میں خلافت صحابہ کے ادوار کو شامل کیاجائے اور قرآن پاک کے منتخب حصوں کو نظام تعلیم کا حصہ بنایاجائے ،لارڈ میکالے کے نظام تعلیم ختم کرکے اسلامی نظام تعلیم نافذ کیاجائے اور خلافت صحابہ اور خلفاء اسلام کو سرکاری طور پرمنایا جائے ۔

علاوہ ازیں مجلس احراراسلام پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر عمرفاروق احرار نے کہاہے کہ مارچ 1953ء کی تحریک ختم نبوت کے دس ہزار شہد اء کی یاد میں آئندہ ماہ ملک بھرمیں شہد اء ختم نبوت کانفرنسوں کا انعقاد کیاجائے گا اورچونکہ 5,6مارچ 1953ء کو لاہورکے مال روڈ پر سب سے زیادہ گولی چلی تھی اس حوالے سے آئندہ آنے والے 6مارچ کے جمعة المبارک کو ملک بھرمیں یوم شہداء ختم نبوت عقیدت واحترام سے منایاجائیگا۔