جہلم اور راولپنڈی میں کرونا وائرس کے مشتبہ کیسز کی رپورٹ منظرعام پر آ گئی

مذکورہ افراد میں وائرس موجود نہیں ہے: رپورٹ، وائرس کی تصدیق نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کی لیبارٹریز سے کروائی گئی

Usama Ch اسامہ چوہدری جمعہ 28 فروری 2020 20:21

جہلم اور راولپنڈی میں کرونا وائرس کے مشتبہ کیسز کی رپورٹ منظرعام پر ..
راولپنڈی (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 28 فروری 2020) : جہلم اور راولپنڈی میں کرونا وائرس کے مشتبہ کیسز کی رپورٹ منظرعام پر آ گئی۔ کرونا وائرس کی تصدیق نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کی لیبارٹریز سے کروائی گئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مشتبہ افراد میں کرونا وائرس موجود نہیں ہے۔ اس حوالے سے ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی تصدیق کے لیے مشتبہ مریضوں کو چند روز سے آئسولیشن وارڈ میں منتقل کیا گیا تھا، مریضوں کو باقی ضروری اقدامات پورے ہونے کے بعد ڈسچارج کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

انکا کہنا ہے کہ صوبہ پنجاب بھر میں ابھی تک کرونا وائرس کا کوئی بھی کیس سامنے نہیں آیا ہے، پنجاب میں کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کردیے ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز کرونا وائرس کے 3 مشتبہ مریضوں کو پمز ہسپتال لیا گیا تھا اور معائنے کے بعد انھیں ڈسچارج کردیا تھا۔ بتایا گیا تھا کہ مذکورہ خواتین 3 روز قبل ایران سے زیارت کے بعد واپس پہنچی تھیں، تاہم خواتین میں وائرس کی کوئی بھی علامت سامنے نہیں آئی، کرونا وائرس کی علامات نہ ہونے پر خواتین کا کرونا ٹیسٹ بھی نہیں کیا گیا۔ قومی ادارہ صحت ڈسچارج کرنے کے بعد مریضوں سے آئندہ 2 ہفتے تک رابطے میں رہے گا۔

متعلقہ عنوان :