اماراتی حکومت نے جاری کردہ تمام ویزٹ ویزے منسوخ کر دیے

تمام غیر ملکیوں کو متحدہ عرب امارات کا رخ نہ کرنے کی تلقین، 17 مارچ سے نئے ویزوں کا اجراء بھی بند کر دیا گیا

muhammad ali محمد علی منگل 17 مارچ 2020 22:51

اماراتی حکومت نے جاری کردہ تمام ویزٹ ویزے منسوخ کر دیے
ابوظہبی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 مارچ 2020ء) اماراتی حکومت نے جاری کردہ تمام ویزٹ ویزے منسوخ کر دیے، تمام غیر ملکیوں کو متحدہ عرب امارات کا رخ نہ کرنے کی تلقین، 17 مارچ سے نئے ویزوں کا اجراء بھی بند کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی حکومت کی جانب سے جاری اعلامیہ میں غیر ملکیوں کو تلقین کی گئی ہے کہ مملکت کا رخ نہ کیا جائے۔

وہ تمام غیر ملکی جن کے پاس ویزٹ ویزہ ہے، انہیں اب امارات میں داخلے کی اجازت نہیں ملے گی۔ اماراتی حکومت نے جاری کردہ تمام ویزٹ ویزے منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس سے قبل گزشتہ ہفتے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا تھا کہ متحدہ عرب امارات نے 17 مارچ سے تمام طرز کے ویزوں کے اجراء پر پابندی عائد کر دی ہے۔ 17 مارچ سے سفارتی پاسپورٹ کے علاوہ دیگر تمام ویزوں کا اجراء بند کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

گزشتہ ہفتے کے اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ 17 مارچ سے قبل حاصل کردہ ویزے منسوخ نہیں ہوں گے۔ تاہم اب اماراتی حکومت نے 17 مارچ سے قبل جاری کیے گئے تمام ویزٹ ویزے منسوخ کر دیے ہیں۔ اگر ویزٹ ویزہ کا حامل کوئی بھی غیر ملکی متحدہ عرب امارات آئے گا، تو ائیرپورٹ پر ہی اس کا ویزہ منسوخ کر دیا جائے گا۔ چونکہ پاکستان میں ایسی کوئی سہولت دستیاب نہیں جس کی مدد سے ویزہ اسٹیٹس معلوم کیا جا سکے، اس لیے اس صورتحال میں وہ تمام پاکستانی جو متحدہ عرب امارات جانے کے خواہاں ہیں، وہ اپنے ویزہ کا اسٹیٹس یہاں یا یہاں کلک کر کے معلوم کر سکتے ہیں۔

یہاں یہ بھی واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں 17 مارچ سے نہ ہی کوئی سیاحتی، نہ ہی کسی قسم کا ورک ویزہ جاری کیا جائے گا۔ فیصلے کا اطلاق غیر معینہ مدت کیلئے ہے۔ اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے کرونا وائرس کو عالمی وبا قرار دیے جانے کے بعد یہ فیصلہ لینے پر مجبور ہوئے۔