متحدہ عرب میں کرونا وائرس کے متعدد مریض صحتیاب ہوگئے

اماراتی شعبہ صحت کے حکام کے مطابق اب تک وائرس سے متاثرہ کل 30 افراد صحتیاب ہو چکے، 27 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد امارات میں کل کیسز کی تعداد 140 ہو چکی

muhammad ali محمد علی جمعرات 19 مارچ 2020 21:31

متحدہ عرب میں کرونا وائرس کے متعدد مریض صحتیاب ہوگئے
ابوظہبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 مارچ2020ء) متحدہ عرب میں کرونا وائرس کے متعدد مریض صحتیاب ہوگئے، اماراتی شعبہ صحت کے حکام کے مطابق اب تک وائرس سے متاثرہ کل 30 افراد صحتیاب ہو چکے، 27 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد امارات میں کل کیسز کی تعداد 140 ہو چکی۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں رپورٹ ہونے والے کرونا وائرس کے مریض تیزی سے صحتیاب ہونے لگے ہیں۔

اماراتی حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اب تک رپورٹ ہونے والے 30 کرونا وائرس کے مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔ ان افراد میں اماراتی اور غیر ملکی دونوں شامل ہیں۔ تاہم امارات میں اب بھی کرونا وائرس کے مزید کیسز سامنے آ رہے ہیں۔ جمعرات 19 مارچ کو امارات میں کرونا وائرس کے مزید 27 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، یوں کل کیسز کی تعداد 140 تک جا پہنچی ہے۔

(جاری ہے)

اس تام صورتحال میں اماراتی حکومت وائرس کی روک تھام کیلئے مختلف سخت اقدامات اٹھا رہی ہے۔

متحدہ عرب امارات نے کرونا وائرس کے پھیلائو کا مقابلہ کرنے کی کوششوں کے ضمن میں پانے شہریوں کو عارضی طور پربیرون ملک سفر سے روک دیا۔ بتایا گیا ہے کہ اماراتی شہریوں کو بیرون ملک سفر سے روکنے کا مقصد دنیا بھر میں وائرس کے تیزی سے پھیلاو کو روکنے کے لیے کی جانے مساعی میں اپنے حصے کی ذمہ داریاں پوری کرنا ہے۔ موجودہ حالات میں اماراتی شہریوں کا بیرون ملک سفر نہ کرنا ان کے اپنے فائدے میں ہے۔ جبکہ ایک دوسری پیش رفت میں متحدہ عرب امارات کی حکومت نے جاری اقامہ کے حامل ایسے افراد جو اس وقت امارات سے باہر ہیں کی 14 دن تک امارات میں واپسی پرپابندی عاید کردی ہے۔