اماراتی حکومت نے ملک کے بیشتر عوامی مقامات 15 روز کیلئے بند کرنے کا اعلان کر دیا

اتوار 22 مارچ سے مملکت کے تمام پبلک پارکس، بیچز، سوئمنگ پولز، سینما، ریسٹورنٹ اور جم عوام کے داخلے کیلئے مکمل طور پر بند کر دیے جائیں گے

muhammad ali محمد علی ہفتہ 21 مارچ 2020 23:11

اماراتی حکومت نے ملک کے بیشتر عوامی مقامات 15 روز کیلئے بند کرنے کا اعلان ..
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 مارچ2020ء) اماراتی حکومت نے ملک کے بیشتر عوامی مقامات 15 روز کیلئے بند کرنے کا اعلان کر دیا، اتوار 22 مارچ سے مملکت کے تمام پبلک پارکس، بیچز، سوئمنگ پولز، سینما، ریسٹورنٹ اور جم عوام کے داخلے کیلئے مکمل طور پر بند کر دیے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس ہر گزرتے دن کیساتھ بے قابو ہوتا جا رہا ہے۔

اس صورتحال میں اماراتی حکومت نے ملک کے بیشتر عوامی مقامات کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اماراتی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ 22 مارچ سے 15 روز کیلئے ملک کے تمام پبلک پارکس، بیچز، سوئمنگ پولز، سینما، ریسٹورنٹ اور جم عوام کے داخلے کیلئے مکمل طور پر بند کر دیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

تاہم یہ وضاحت بھی کی گئی ہے کہ ریسٹورنٹ اور کیفیز کھانے پینے کی اشیاء کی گھروں میں ڈلیوری کیلئے کھلے رہیں گے۔

جبکہ ریسٹورنٹس میں صرف 20 فیصد لوگوں کو بٹھانے کی اجازت دی جائے گی۔ واضح رہے متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس تاحال قابو میں نہیں آ سکا۔ امارات میں 13 مزید نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ یوں متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی کل تعداد 153 ہوگئی ہے۔ جبکہ متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کا شکار ہونے والے 2 افراد زندگی کی بازی بھی ہار گئے۔

امارات کی وزارت صحت کے زیر انتظام کمیونٹی پروٹیکشن یونٹ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کرونا کے باعث فوت ہونے والوں میں 78 سالہ ایک شخص یورپی ملکوں سے واپس آیا تھا جس کا تعلق ایک عرب ملک سے تھا۔ اسی طرح ایک ایشیائی شہری جس کی عمر 58 سال بتائی جاتی ہے کرونا کے باعث جاں بحق ہوگیا۔ مریض پہلے ہی دل اور گردوں کے مرض کا شکار تھا۔

اماراتی وزارت صحت نے کرونا وائرس کے نتیجے میں شہریوں کی افوات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔تازہ اعدادو شمار کے مطابق کرونا وائرس کے نتیجے میں اموات کی شرح تین اعشاریہ چھ فی صد تک پہنچ گئی ہے۔ مسلسل کیسز میں اضافے کے بعد متحدہ عرب امارات نے عوام کی نقل و حرکت کو محدود کر دیا ہے، جبکہ فلائٹ آپریشن بھی بند کیا جا چکا۔ وائرس پر قابو پانے کیلئے اماراتی حکومت کی جانب سے مزید سخت اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔