متحدہ عرب امارات میں ایک ہی دن میں کورونا کے 300نئے کیسز سامنے آگئے

مملکت میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 2ہزار659ہوگئی جبکہ 53مزید مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو چلے گئے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 8 اپریل 2020 18:34

متحدہ عرب امارات میں ایک ہی دن میں کورونا کے 300نئے کیسز سامنے آگئے
ابوظہبی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔07 اپریل 2020ء) متحدہ عرب امارات میں ایک ہی دن میں کورونا کے 300نئے کیسز سامنے آگئے ہیں جس کے بعد مملکت میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 2ہزار659ہوگئی ہے جبکہ 53مزید مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو چلے گئے ہیں۔ وزارتِ صحت کی جانب سے بدھ کے روز نئے 300کیسز آنے کی تصدیق کردی گئی ہے جبکہ وزارتِ صحت نے مزید بتایا ہے کہ ابھی مجموعی طور پر 239افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

متحدہ عرب امارات کے وزیرِ صحت عبالرحمان ال اویسی نے پریس کانفرس کے دوران بتایا کہ مملکت میں کورونا کے 5لاکھ 93ہزار95 ٹیسٹس کیے جاچکے ہیں جس سے محکمہ صحت کی صلاحیت کا اندازہ ہوتا ہے۔ انہوں نے ڈاکٹرز اور طبی عملے کا بھی شکریہ ادا کیا کہ وہ اس مشکل گھڑی میں مریضوں کی دیکھ بھال کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ آج سامنے آنے والے 300کیسز اب تک متحدہ عرب امارات میں ایک دن میں رپورٹ ہونے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔

خیال رہے کہ ھ امارتی حکومت نے بیماری کا پھیلاؤ روکنے کیلئے لوگوں کے درمیان سماجی فاصلے برقرار رکھنے کیلئے مزید پابندیاں عائد کردی ہیں۔جس کے تحت اب دبئی کی سڑکوں پر پیدل چلنے والوں کو بھی پرمٹ کی ضرورت ہوگی، پرمٹ کیلئے اپلائی کرنے کیلئے دبئی کی سپریم کمیٹی آف کرائسز اینڈ ڈیزاسٹرمینجمنٹ کی جانب سے باقاعدہ ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔

جہاں امارات کے دیگر شہروں میں سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں، وہیں دوسری جانب دبئی میں اس وقت 24 گھنٹے کا کرفیو جیسا لاک ڈاون نافذ کیا جا چکا ہے۔ متحدہ عرب امارات میں گزشتہ ماہ ہی کرونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد زمینی و فضائی رابطے بند کر دیے گئے تھے۔ جبکہ مملکت میں لوگوں کو غیر ضروری طور پر باہر نکلنے کی ہرگز اجازت نہیں ہے۔ پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت سزائے دینے کیلئے باقاعدہ قانون سازی بھی کی گئی ہے۔