ورزش کو روزمرہ کی زندگی کا حصہ بناکر کورونا مرض کی پیچیدگیوں کا خطرہ کم کیا جاسکتا ہے ، تحقیق

معمول کی ورزش ہماری توقعات سے فائدہ مند ہے جن میں سے ایک نظام تنفس کے سنگین امراض سے تحفظ بھی ہے، ڈاکٹرز

پیر 20 اپریل 2020 12:50

ورزش کو روزمرہ کی زندگی کا حصہ بناکر کورونا مرض کی پیچیدگیوں کا خطرہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2020ء) کووڈ 19 کے مرض سے بچنے کے لیے سماجی دوری، گھر میں رہنے، باہر نکلنے پر دیگر افراد سے چند فٹ دور رہنے، ہاتھوں کی اچھی صفائی، ناک، منہ اور آنکھوں کو کم از کم چھونا اور زیادہ استعمال ہونے والی اشیا کو اکثر اچھی طرح صاف کرنا ضروری ہے تاہم ورزش کو روزمرہ کی زندگی کا حصہ بناکر آپ کورونا مرض کی پیچیدگیوں کا خطرہ کم کرسکتے ہیں ۔

تحقیق کے مطابق روزانہ ورزش نہ صرف پھیپھڑوں، مدافعتی نظام اور مزاج کیلئے فائدہ مند ہے بلکہ اس کے نتیجے میں جسم میں ایک ایسے اینٹی آکسائیڈنٹ کی مقدار بڑھتی ہے جو پھیپھڑوں سمیت دیگر خطرناک امراض سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔امریکا کی ورجینیا یونیورسٹی اسکول آف میڈیسین کی تحقیق میں بتایا گیا کہ ورزش سے اس نئے نوول کورونا وائرس کی جان لیوا پیچیدگیوں کا خطرہ کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

(جاری ہے)

تحقیق میں شامل سائنسدانوں نے بتایاکہ ہم ہمیشہ الگ تھلگ زندگی نہیں گزار سکتے، معمول کی ورزش ہماری توقعات سے فائدہ مند ہے جن میں سے ایک نظام تنفس کے سنگین امراض سے تحفظ بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک اینٹی آکسائیڈنٹ EcSOD کی سطح میں ورزش کے نتیجے میں اضافہ ہوتا ہے جو پھیپھڑوں کے جان لیوا امراض سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔یہ اینٹی آکسائیڈنٹ اس وقت بنتا ہے جب لوگ ایروبک ورزشوں جیسے جمپنگ، رسی کودنا، تیز چہل قدمی یا جاگنگ (ان میں سے جو گھر میں آپ اس وقت کرسکتے ہوں) کو عادت بنالیتے ہیں۔

ماضی میں ہونے والی تحقیقی رپورٹس میں معلوم ہوا تھا کہ اس اینٹی آکسائیڈنٹ سے وائرسز کی صفائی ہوتی ہے اور انفیکشن کا دورانیہ مختصر کرنے میں مدد ملتی ہے جبکہ مدافعتی نظام بھی مضبوط ہوتا ہے جو اس نئے وائرس سے لڑنے کے لیے بہت ضروری ہے۔

متعلقہ عنوان :