حکومت سندھ کی جانب سے دوسرے مرحلے میں ضلع شرقی میں مزید 11 ہزار راشن بیگز کی تقسیم ،سیدہ شہلا رضاء

منگل 21 اپریل 2020 19:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2020ء) صوبائی وزیر برائے محکمہ ترقی نسواں سیدہ شہلا رضا نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کی جانب سے ضرورت مند افراد میں معیاری اشیا پر مشتمل راشن بیگز تقسیم کئے جارہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے یو سی 23 ڈالمیا میں تقسیم سے پہلے راشن بیگز میں موجود اشیاخوردونوش کی کوالٹی چیک کرنے کے موقع پر کہی۔ انہوں نے کہا کہ راشن بیگز پر نا کوئی تصاویر، نا م اور نہ ہی جھنڈے کے رنگ وغیرہ کو استعمال کیا جارہا ہے کیونکہ ہم دکھاو نہیں بلکہ عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور اسی جذبے کے تحت ہی یہ راشن بیگز فراہم کئے جارہے ہیں۔

واضح رہے کہ حکومت سندھ کی جانب سے ضلع شرقی میں دوسرے مرحلے میں ضرورت مند, نادار اور دیہاڑی پیشہ افراد میں مزید تقریبا 11ہزار راشن بیگز تقسیم کئے۔

(جاری ہے)

سیدہ شہلا رضا نے کہا کہ سندھ حکومت کو اندازہ ہے کہ لاک ڈاو ن کی وجہ سے غریب اور روزانہ اجرت پر کام کرنے والوں کو دشواریاں کا سامنا ہے اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبے بھر کے اضلاع میں راشن بیگز کی تقسیم کا سلسلہ جارہی ہے۔

سیدہ شہلا رضا نے کہا کہ مشکل کی اس گھری میں ہم عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست سے بلائے طاق اور بلا تفریق رنگ و نسل راشن کی تقسیم جاری رکھئے گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ کی کوشش ہے کہ عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ کورونا وائرس سے انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔ اس ضمن میں سندھ حکومت تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اقدامات کررہی ہے جس کو عوامی سطح پر بے حد پزیرائی مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انشااللہ عوام کے بھرپور تعاون سے ہم کورونا وائرس پر قابو پا لیں گے ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام حکومت کے بتائے ہوئے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائے۔