سعودی عرب، شاہ سلمان کا عیدالفطر کے موقع پر شہریوں اور مقیم غیرملکی تارکین وطن کی جانب سے سماجی دوری اختیار کرنے اور ایس او پیز پرعمل درآمد کرنے کا خیر مقدم

منگل 26 مئی 2020 12:05

ریاض۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2020ء) سعودی فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے عیدالفطر کے موقع پرملک کے شہریوں اور مقیم غیرملکی تارکین وطن کی جانب سے کورونا کی وبا کے پیش نظر سماجی دوری اختیار کرنے اور حفظان صحت کے حوالے سے وضع کردہ طریقہ پرعمل درآمد کرنے کا خیر مقدم کیا ہے۔سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے عید سے متعلق خصوصی پیغام میں سعودی قوم اور پورے عالم اسلام کو عید کی مبارک باد پیش کی گئی۔

(جاری ہے)

شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مملکت کے شہریوں اور تارکین وطن کی طرف سے کورونا کی وبا کی روک تھام کے لیے اختیار کردہ احتیاطی تدابیر اور وزارت صحت کے وضع کردہ ضابطہ اخلاق پرعمل درآمد پر شہریوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔شاہ سلمان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی حکومت نہ صرف مملکت کے شہریوں بلکہ ملک میں مقیم غیرملکیوں کی صحت اور سلامتی کو یقینی بنانے کی خواہاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت مملکت کے شہریوں کی آرام وراحت کے لیے ہرممکن اقدامات کرے گا۔خادم الحرمین الشریفین نے کورونا کی وبا کے خلاف نبرد آزما سرکاری اور نجی اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔