خوراک کا تحفظ اور دستیابی بھی ضروری ہے، ڈاکٹر محمد عظیم

اتوار 31 مئی 2020 14:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2020ء) پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل(پی اے آر سی) کے چیئرمین ڈاکٹر محمد عظیم نے کہا ہے کہ جس طرح کورونا جیسی وباء سے بچائو ضروری ہے اسی طرح خوراک کا تحفظ اور دستیابی بھی ضروری ہے،اس ضمن میں وزارت غذائی تحفظ و تحقیق کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ فصلوں اور کسانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے ، موسم کی صورتحال مشینری کی دستیابی اور صوبائی زرعی محکموں کے ساتھ تعاون کے حوالے سے مربوط لائحہ عمل تیار کیا گیا ہے۔

’’ اے پی پی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء کے پھیلائو کے بعد خوراک کی اہمیت و افادیت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، شہریوں نے سونا چاندی یا کوئی اور چیز نہیں بلکہ خوراک کی خریداری پر توجہ مرکوز کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت بھی خوراک اور راشن کی فراہمی کے لئے موثر انداز میں کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ گندم کی کٹائی کے دوران حکومت کوموسم کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کسانوں کے لئے احتیاطی تدابیر کے لئے پالیسی اور تجزیاتی سطح کی معاونت کی جا رہی ہے تاکہ کسی قسم کا بحران پیدا نہ ہو۔

ا نہوں نے کہا کہ مختلف فصلوں کے حوالے سے پی اے آر سی حکومت کومعلومات فراہم کر رہی ہے کہ کون سی فصل کس وقت تیار ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ خوراک کی دستیابی اور تحفظ کے لئے اقدامات کئے جائیں، تیار فصلوں کی کٹائی کے عمل کے دوران کسانوں کو جو احتیاطی تدابیر اختیار کرنی ہیں ان پر بھی کام کیا گیا ہے اور مشینری کی فراہمی کو بھی مدنظر رکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خوراک کی دستیابی کے ساتھ ساتھ فصلوں کو خراب ہونے سے بچانے اور کسانوں کو ان کی فصل کے صحیح دام کی فراہمی پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا جیسی وباء پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ فوڈ سکیورٹی بھی ضروری ہے، پی اے آر سی مشکل کی اس گھڑی میں فعال اور متحرک انداز میں اپنا کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت وباء پر قابو پانے اور خوراک کی دستیابی کے لئے جس طرح اقدامات کر رہی ہے وہ قابل ستائش ہیں۔