تھائی پارلیمنٹ کی کورونا وائرس سے متاثرہ ملکی معیشت کی بہتری کے لیے 59.7 ارب ڈالر کے پیکج کی منظوری

پیر 1 جون 2020 16:40

بنکاک ۔ یکم جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2020ء) تھائی لینڈ کی پارلیمنٹ نے کورونا وائرس سے متاثرہ ملکی معیشت کی بہتری کے لیے 59.7 ارب ڈالر کے پیکج کی منظوری دے دی ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق کورونا وائرس سے باقی ملکوں کی طرح تھائی لینڈ کی معیشت بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے جس کے استحکام کے لیے پارلیمنٹ نے گزشتہ روز کے اجلاس میں 1.9 ٹریلین بھات (59.7 ارب ڈالر) کے امدادی پیکج کی منظوری دے دی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ پیکج میں سے 17.3 ارب ڈالر ایسے چھوٹے دکانداروں، مساج پارلرز اور شراب خانوں کے بیروزگار ملازمین کے ساتھ ساتھ کسانوں اور غیر رسمی کارکنوں کو بطور امداد دیے جائیں گے۔انھوں نے بتایا کہ 1.4 ارب ڈالر صحت عامہ کی سہولیات پر خرچ کیے جائیں گے تاہم اس حوالے سے تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا گیا۔یاد رہے کہ تھائی لینڈ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 3 ہزار سے کچھ زیادہ اور ہلاکتیں صرف 57 ہوئی ہیں تاہم سیاحت پر مبنی اس ملک کی معیشت بری طرح متاثر ہوئی ہے، اب تک 2 کروڑ سے زیادہ ملازمین 5 ہزار بھات (150 ڈالر) کی سرکاری امداد کے لیے خود کو بے روزگار رجسٹرکراچکے ہیں۔