کورونا سے بچاؤ کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد ضروری ہے ،محمد فیصل

حکومت احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے والوں پر جرمانہ عائد کرے ،معروف سماجی رہنما ء

پیر 1 جون 2020 16:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2020ء) کرویڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے نائب صدر معروف سماجی رہنما محمد فیصل نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ایس او پیز پر عملدرآمد کیے بغیر اس مہلک مرض سے بچاؤ سے ناممکن ہے ۔صورت حال کا بروقت تدارک نہ کیا گیا تو ملک کے حالات امریکا اور اٹلی جیسے ہوسکتے ہیں ۔

حکومت احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے والوں کو جرمانے اور دیگر سزائیںدے تاکہ ایس او پیز پر عملدرآمد کیا جاسکے ۔اپنے بیان میں محمد فیصل نے کہا کہ عید الفطر سے چند روز بازار اور مارکیٹیں کھلنے کے نتیجے میں عوام کے ایک جم غفیر نے وہاں کا رخ کیا اور تمام احتیاطی تدابیر بالائے طاق رکھ دی گئیں ۔انہوںنے کہا کہ اس غیر محتاط رویے کے نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں اور اب ملک میں روزانہ ہزاروں کی تعداد میں کورونا کے کیسز سامنے آرہے ہیں جبکہ اموات میں بھی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پاکستان کا نظام صحت انتہائی بوسیدہ اور لاغر ہے ،جو کسی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے کسی طور پر بھی تیار نہیں ہے ۔اگر خدانخواستہ مرض اسی طرح پھیلتا رہا تو صورت حال قابو سے باہر ہوجائے گی ۔امریکا اور یورپ کے ترقی یافتہ ممالک بھی ایک بہتر نظام رکھنے کے باوجود اس وبا سے بہت بھاری نقصان اٹھا چکے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ ایس او پیز پر عملدرآمد کیے بغیر اس مہلک مرض سے بچاؤ ناممکن ہے ۔حکو مت کو چاہیے کہ وہ فوری طورپر ان افراد کے خلاف جرمانے اور سزاؤں کااطلاق کرے جو ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کررہے ہیں ۔